انتخابات شفاف نہ ہوئے تو پاکستان کا نقصان ہو گا،حمزہ شہباز

لولی لنگڑی حکومت دہشتگردی اور دیگر مسائل سے نہیں نمٹ سکے گی،سیاسی عدم استحکام ملکی معیشت کو نقصان پہنچاتا ہے، پاکستان کی سمت کے تعین کے لئے نئے عمرانی معاہدے کی ضرورت ہے،رہنما مسلم لیگ ن کی نجی ٹی وی کو انٹرویو

جمعرات 19 جولائی 2018 00:10

انتخابات شفاف نہ ہوئے تو پاکستان کا نقصان ہو گا،حمزہ شہباز
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 جولائی2018ء) مسلم لیگ (ن) کے رہنما حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ مسلم لیگ واضح اکثریت سے کامیاب ہو گی۔ دیوار سے لگانے کی کوششیں ناکام ہوں گی۔ انتخابات شفاف نہ ہوئے تو پاکستان کا نقصان ہو گا۔ ہم پر امن احتجاج بھی کریں گے اور تمام سیاسی جماعتوں سے مل کر لائحہ عمل بھی کریں گے۔ لولی لنگڑی حکومت دہشتگردی اور دیگر مسائل سے نہیں نمٹ سکے گی۔

پاکستان کی سمت کے تعین کے لئے نئے عمرانی معاہدے کی ضرورت ہے ۔ سیاسی عدم استحکام ملکی معیشت کو نقصان پہنچاتا ہے۔ نجی ٹی وی کو دیئے گئے انٹرویو میں حمزہ شہبا زنے کہا کہ مسلم لیگ (ں) پنجاب میں اب بھی مضبوط ہے ہماری کارکردگی عوام کے سامنے ہے۔ لوڈ شیڈنگ ختم ہوئی ، ہم نی11000میگا واٹ بجلی بنائی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمیں دیوار سے لگایا جا رہا ہے ۔

نواز شریف کے خلاف کرپشن ثابت نہ ہونے کے باوجود سزا دی گئی۔ ہم نیب کی پیشیاں بھگت رہے ہیں ۔ اپنے قائد کے حق میں ریلی نکالنے پر میرے اور میرے والد کے خلاف دہشتگردی کا مقدمہ بنا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے تحفظات سامنے آ رہے ہیں۔ لوگ دیکھ رہے ہیں مسلم لیگ (ن) اپنے بیانیے میں کامیاب ہے۔ تمام تر کوششوں کے باوجود (ن) لیگ واضح اکثریت سے جیتے گی۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کے جلسے میں خالی کرسیاں ہوتی ہیں ہم عوام میں جاکر جوش دیکھتے ہیں۔ ہم پاکستان بھر میں واضح اکثریت حاصل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر انتخابات شفاف نہ ہوئے جس پر بہت سی جماعتوں کے تحفظات ہیں یہ پاکستان کا نقصان ہو گا۔ ہم پر امن احتجاج بھی کریں گے اور 25کے بعد اپنا لائحہ عمل قوم کو بتائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ کے کارکنوں اور امیدواروں پر دباؤ ڈالا جا رہاہے ۔

قیادت کے خلاف مقدمات درج کئے جا رہے ہیں ۔ امیدواروں کو کہا جا رہ اہے کہ وہ آزاد انتخابات لڑیں ۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی آمد پر لاہور میں عوام کا ٹھاٹھیں مارتا سمندر تھا جب مال روڈ پر پہنچے تو فلائٹ کا وقت ہو چکا تھا۔ عوام کے درمیان سے اس وقت نکلنا مشکل تھا اور ایئر پورٹ تک پہنچنا ممکن بھی نہیں تھا۔ لاہور میں تل دھرنے کی جگہ نہیں تھی۔

ہم رات ایک بجے مشکل سے دھرم پورا پہنچے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سمت کے تعین کے لئے نئے عمرانی معاہدے کی ضرورت ہے۔ اس کے لئے تمام ادارے اور سیاسی جماعتوں کو مل کر بیٹھنا ہو گا۔ پاکستان 22کروڑ عوام کا ملک ہے ۔ آئیں ملک کے لئے بیٹھیں تاکہ امید کی کوئی کرن نظر آئے اور پاکستان قائداعظم کا پاکستان بن سکے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اربوں روپے کے ترقیاتی کام کئے۔

ملک میں موٹر ویز کا جال بچھایا ۔ پاک چین اقتصادی راہداری کا منصوبہ شروع کیا۔ بجلی کے منصوبے لگائے مگر جب سیاسی عدم استحکام پیدا ہوا تو معیشت کو نقصان ہوا۔ ہمیں پاکستان کو مضبوط کرنے کے لئے آگے بڑھنا ہے۔ ہم نے جمہوری اداروں اور عوام کو مضبوط کرنا ہے۔ تو شفاف انتخابات ضروری ہیں لولی لنگڑی حکومت آئی تو پاکستان دنیا میں تماشہ بن جائے گا اگر داغدار انتخابات ہوئے تو نتائج کو تسلیم نہیں کریں گے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں