اسلام آباد اور جڑواں شہر راولپنڈی سمیت ملک بھر میں انتخابی مہم زور و شور سے جاری ، سیاسی جماعتیں اپنے اپنے امیدواروں کے حق میں رائے دہندگان کو راغب کرنے کے لئے جلسے جلوس اور ریلیاں نکالنے میں مصروف

جمعہ 20 جولائی 2018 17:01

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جولائی2018ء) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور جڑواں شہر راولپنڈی سمیت ملک بھر میں انتخابی مہم زور و شور سے جاری ہے، سیاسی جماعتیں اپنے اپنے امیدواروں کے حق میں رائے دہندگان کو راغب کرنے کے لئے جلسے جلوس اور ریلیاں نکالنے میں مصروف ہیں۔ تفصیلات کے مطابق بڑی سیاسی جماعتیں پاکستان مسلم لیگ (ن)، پاکستان تحریک انصاف، پاکستان پیپلز پارٹی، جے یو آئی (ف)، ایم کیو ایم، عوامی نیشنل پارٹی سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کی انتخابی مہم میں تیزی آرہی ہے۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف پنجاب کے مختلف شہروں سمیت ملک کے دیگر مقامات پر جلسوں سے خطاب کررہے ہیں اور عوام کو مسلم لیگ (ن) کی پانچ سالہ کارکردگی کی بناء پر ووٹ دینے کے لئے قائل کررہے ہیں جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بھی ملک بھر میں تبدیلی کے نام پر عوام سے ووٹ مانگ رہے ہیں۔اسی طرح پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھ-ٹو زرداری ، جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن، اے این پی کے سربراہ اسفند یار ولی اور ایم کیو ایم کے قائدین بھی الیکشن 2018ء کے لئے زیادہ سے زیادہ عوامی حمایت کے لئے سرتوڑ کوششوں میں مصروف ہیں۔ انتخابی مہم 23 اور 24 جولائی کی نصف شب تک جاری رہے گی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں