25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات کے لئے فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے کے لئے انتظامات کر رہے ہیں‘

پولنگ سٹیشنوں کے اندر اور باہر فوج تعینات کی جائے گی ، حساس پولنگ سٹیشنز پر کیمرے لگائے جائیں گے نگران وزیر داخلہ محمد اعظم کا ایوان بالا میں اظہار خیال

جمعہ 20 جولائی 2018 21:21

اسلام آباد۔ 20 جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جولائی2018ء) نگران وزیر داخلہ محمد اعظم نے کہا ہے کہ 25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات کے لئے فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے کے لئے انتظامات کر رہے ہیں‘ پولنگ سٹیشنوں کے اندر اور باہر فوج تعینات کی جائے گی جبکہ حساس پولنگ سٹیشنز پر کیمرے لگائے جائیں گے۔ جمعہ کو ایوان بالا کے ملک میں موجودہ امن و امان اور سیاسی صورتحال کے حوالے سے تحریک پر بحث سمیٹتے ہوئے نگران وزیرداخلہ محمد اعظم نے کہا کہ اٹھارہویں ترمیم کے بعد امن و امان صوبائی معاملہ ہے۔

صوبائی حکومت اور متعلقہ صوبائی ادارے انتخابات کے دوران سب کو محفوظ اور مساوی ماحول فراہم کرنے کے ذمہ دار ہیں۔ وزارت داخلہ انتخابات کے دوران پرامن اور محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لئے الیکشن کمیشن سے رابطے میں ہے۔

(جاری ہے)

آزادانہ‘ منصفانہ اور شفاف انتخابات کرانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے۔ وزارت داخلہ الیکشن کمیشن کو ہر ممکن تعاون فراہم کر رہی ہے۔

الیکشن کوآرڈینیشن فیسلٹیشن سیل 24 گھنٹے کام کر رہا ہے۔ تمام متعلقہ فریقوں سے رابطے میں ہیں۔ نیکٹا وزارت داخلہ کو سیاسی رہنمائوں کو درپیش خطرات سمیت دیگر امور سے آگاہ کر رہا ہے۔ صوبوں کی درخواست پر مزید سیکورٹی اہلکار بھی فراہم کئے جائیں گے۔کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لئے نیکٹا تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ رابطے میں ہے۔

پولنگ سٹیشن کے اندر اور باہر فوج تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ حساس مقامات پر کیمرے نصب کئے جائیں گے۔ صوبائی حکومتیں الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی پابندی پر عملدرآمد کرانے کی ذمہ دار ہیں۔ امیدواروں کو پرائیویٹ سیکیورٹی رکھنے کی اجازت دی گئی ہے ۔ تمام متعلقہ فریقوں سے کہا ہے کہ وہ اپنے فوکل پرسن نامزد کریں تاکہ سیکیورٹی انتظامات مکمل کئے جاسکیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں