ْ پرویز مشرف کے ویژن کے مطابق چترال کے عوام کو ترقی اور خوشحالی دیں گے۔ ڈاکٹر محمد امجد

چترال میں پرویز مشرف ہائوس اور اسلام آباد میں چترال ہائوس بنائیں گے،چترال کو ماڈل ڈسٹرکٹ بنائیں گے۔گفتگو

جمعہ 20 جولائی 2018 23:32

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 جولائی2018ء) آل پاکستان مسلم لیگ کے چیئرمین اور حلقہ این ای1چترال سے امیدوار برائے قومی اسمبلی ڈاکٹر محمدا مجد نے کہا ہے کہ پرویز مشرف کے ویژن کے مطابق چترال کوترقی یافتہ بناتے ہوئے یہاں کے عوام کو خوشحال بنائیں گے۔انتخابات میں ہار یا جیت کی پرواہ کئے بغیر چترال کے عوام سے قائم قلبی تعلق مزید مضبوط ہوگا۔

چترال میں پرویز مشرف ہائوس اور اسلام آباد میں چترال ہائوس بنائیں گے۔چترال کو ماڈل ضلع بنائیں گے جہاں جدید سہولیات دستیاب ہوں گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز چترال میں انتخابی مہم کے دوران پارٹی کے مرکزی شعبہ اطلاعات سے ٹیلی فونک گفتگومیںکیا۔انہوں نے کہا کہ سید پرویز مشرف چترال کے عوام سے خصوصی لگائو رکھتے ہیں۔

(جاری ہے)

اسی وجہ سے اپنے دورحکومت میں انہوں نے چترال اور یہاں کے عوام کے لئے تاریخ ساز ترقیاتی کام کروائے۔

سید پرویز مشرف کے ملکی ترقی اور عوامی کی خوشحالی کے ویژن اور نظریئے کے مطابق چترال کو ترقی یافتہ اور عوام کو خوشحال بنائیں گے۔ انتخابات کے نتائج جو بھی ہوں، چترال کے عوام کے ساتھ ایک دلی تعلق قائم ہوا ہے جو مزید مستحکم ہوگا۔ڈاکٹر محمد امجد کا کہنا تھا کہ وہ چترال میں پرویز مشرف ہائوس تعمیر کروائیں گے جہاں وطن واپسی پر سید پرویز مشرف آ کر رہا کریں گے اور چترال کے عوام سے ملا کریں گے۔ اسی طرح اسلام آباد میں ایک چترال ہائوس کی تعمیر عمل میں لائیں گے جہاں پر چترال کے عوام کے مسائل حل کئے جائیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ چترال کو ماڈل ضلع بنائیں گے جہاں کسی بھی ترقی یافتہ ضلع جیسی تمام سہولیات دستیاب ہوں گی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں