الیکشن کمیشن نے پولنگ ڈے پر شکایات کے ازالے کے لئے 12 ٹیموں پر مشتمل مانیٹرنگ اینڈ کنٹرول روم قائم کر دیا

بڑے ٹی وی چینلز کی مانیٹرنگ کیلئے الگ الگ ایل سی ڈیز بھی لگا دی گئیں انتخابی عملے کو زدوکوب کرنے ، نقصان پہنچانے ، عملے سے تعاون نہ کرنے اور پولنگ کے عمل میں خلل ڈالنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا عندیہ

اتوار 22 جولائی 2018 19:20

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 جولائی2018ء) الیکشن کمیشن نے پولنگ ڈے پر شکایات کے ازالے کے لئے 12 ٹیموں پر مشتمل مانیٹرنگ اینڈ کنٹرول روم قائم کر دیا ہے جو 25 جولائی کی صبح 6 بجے سے کام شروع کر دے گا۔ بڑے ٹی وی چینلز کی مانیٹرنگ کیلئے الگ الگ ایل سی ڈیز بھی لگا دی گئی ہیں ۔ انتخابی عملے کو زدوکوب کرنے ، نقصان پہنچانے ، عملے سے تعاون نہ کرنے اور پولنگ کے عمل میں خلل ڈالنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا عندیہ بھی دیا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پولنگ ڈے پر شکایات کے ازالے کے لئے الیکشن کمیشن میں ڈائریکٹر جنرل ایڈمن نعیم اکبر کی سربراہی میں مانیٹرنگ اینڈ کنٹرول روم قائم کر دیا ہے ۔ الیکشن کمیشن نے شکایات کے اندراج کے پانچ ٹیلی فون نمبر بھی جاری کر دیئے ہیں ۔

(جاری ہے)

مانیٹرنگ اینڈ کنٹرول روم 25 جولائی کی صبح 6 بجے سے کام کا آغاز کر دے گا جس میں 12 ٹیمیں شکایات کے ازالے کے لئے مصروف عمل رہیں گی۔

الیکشن کمیشن نے مختلف بڑے ٹی وی چینلز کو بھی مانیٹر کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے الگ الگ ایل سی ڈیز لگا دی ہیں جس سے شکایات کے بارے میں معلومات مل سکیں گے ۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان کے انتخابی عملے کی سکیورٹی یقینی بنانے کے لئے صورت حال خراب کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا بھی فیصلہ کیا ہے ۔ انتخابی عملے کو زد و کوب کرنے یا نقصان پہنچانے عملے سے تعاون نہ کرنے اور انتخابی عمل میں خلل ڈالنے والوں کے خلاف بھی سخت کارروائی ہو گی۔

الیکشن کمیشن نے تمام اداروں کو وسائل بروئے کار لاتے ہوئے الیکشن کمیشن کے عملے سے تعاون کی ہدایت کی ہے جبکہ انتخابات میں سکیورٹی فرائض انجام دینے والے پاک فوج کے عملے کی تفصیل بھی جاری کی ہے جس کے مطابق انتخابات 2018 میں ایک لاکھ حاضر سروس ، ایک لاکھ نوے ہزار ریزرو فورس پر مشتمل کل 3 لاکھ 70 ہزار فوجی اہلکار تعینات ہوں گے ۔ ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں