ملکی وسائل سے مزید استفادہ کیلئے اقدامات کئے جائیں، بجلی کی پیداوار کیلئے درآمدی ایندھن پر انحصار کم کیا جائے،

بجلی کی پیداوار میں اضافہ اور سستی بجلی کے حصول کیلئے درآمدی ایندھن پر خرچ ہونے والا قیمتی زرمبادلہ بچایا جا سکے ْوفاقی وزیر توانائی بیرسٹر سید علی ظفر کا پرائیویٹ پاور انفراسٹرکچر بورڈ کے اجلاس سے خطاب

پیر 23 جولائی 2018 22:24

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جولائی2018ء) وفاقی وزیر توانائی بیرسٹر سید علی ظفر نے پرائیویٹ پاور انفراسٹرکچر بورڈ کو ہدایت کی ہے کہ ملکی وسائل سے مزید استفادہ کیلئے اقدامات کئے جائیں اور بجلی کی پیداوار کیلئے درآمدی ایندھن پر انحصار کم کیا جائے تاکہ بجلی کی پیداوار میں اضافہ اور سستی بجلی کے حصول کیلئے درآمدی ایندھن پر خرچ ہونے والا قیمتی زرمبادلہ بچایا جا سکے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار پیر کو یہاں پرائیویٹ پاور انفراسٹرکچر بورڈ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی کا انحصار سستی توانائی پر ہوتا ہے۔ بورڈ کے اجلاس میں بجلی کی پیداوار کے مختلف منصوبوں کا جائزہ لیا گیا اور ان پر کام کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں پی پی آئی بی کو ہدایت کی گئی کہ سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کی جائے اور بجلی کی پیداوار کے منصوبے بروقت مکمل کئے جائیں تاکہ توانائی کی ضروریات پوری کی جا سکیں۔

پی پی آئی بی کے منیجنگ ڈائریکٹر شاہجہاں مرزا نے اجلاس کو پی پی آئی بی کے مختلف منصوبوں کے بارے میں تفصیل کے ساتھ آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پن بجلی، کوئلہ سمیت مختلف منصوبوں پر کام تیزی کے ساتھ آگے بڑھایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پن بجلی کے دو سے تین منصوبوں کیلئے مسابقتی بولی کا انتظام کیا جائے گا اور یہ منصوبے بنائو، چلائو اور منتقل کرو، کی بنیاد پر کام کریں گے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ 4950 میگاواٹ کے تھر کوئلہ سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبے مختلف مراحل میں ہیں۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ کوئلہ سے ہزاروں میگاواٹ بجلی پیدا کی جا سکتی ہے۔ پی پی آئی بی 8200 میگاواٹ کے 9 منصوبے رواں سال کے آخر تک مکمل کر لے گا جبکہ 14 ہزار میگاواٹ کے منصوبے 2021ء تک پیداوار شروع کر دیں گے جن میں سے 6421 میگاواٹ کے منصوبوں سے پیداوار پہلے ہی شروع ہو چکی ہے جو قومی گرڈ میں شامل کر دی گئی ہے۔ وفاقی وزیر توانائی نے پی پی آئی بی کی کارکردگی کو سراہا اور منصوبوں پر کام تیز کرنے کی ہدایت کی۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں