25جولائی کادن میاں نوازشریف کی کامیابی کے ساتھ طلوع ہوگا،بیگم سیماجیلانی

پیر 23 جولائی 2018 22:25

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 جولائی2018ء) پاکستان مسلم لیگ(ن)کی سنیئر رہنما وسابق رکن قومی اسمبلی اورمسلم لیگ راولپنڈی الیکشن مہم کی انچارج بیگم سیماجیلانی نے کہاہے کہ ہمارے قائد میاں نوازشریف جیل میںبیٹھ کر بھی عوام کے دلوں پر راج کرتے ہیں،25جولائی کا دن میاں نوازشریف کی کامیابی کے ساتھ طلوع ہوگا کسی کے پاس ایساآلہ دین کا چراغ نہیں جسے رگڑ کر عوام کی رائے کو تبدیل کرسکے،میاں نوازشریف ہی قوم کے امیدوں کا محور ہیں۔

انہوں نے کہاکہ اگر کسی کو یہ خیال ہوکہ وہ ہمیں ڈرا کر میدان سے آئوٹ کردے گاتو یہ اس کی بھول ہے،میدان خالی نہیں چھوڑیں گے،انتخابات میں اصل مقابلہ نظریے اور اقتدار کے پجاریوں کے درمیان ہے ،25جولائی کو پاکستان مسلم لیگ(ن) عوام کیلئے ترقی و خوشحالی کا پیغام لے کر آئے گی۔

(جاری ہے)

الیکشن مہم کے سلسلے میں ایک کارنرمیٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے بیگم سیما جیلانی نے مزیدکہاکہ مسلم لیگ(ن) کی عوامی مقبولیت مخالفین کو ہضم نہیں ہورہی،مسلم لیگ(ن) کو بے پناہ مشکلات کا سامناکرنا پڑ رہاہے لیکن ہم آزمائش کی اس گھڑی میں اپنے قائدین کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں،مسلم لیگ(ن) ہی ملک کو بحرانوں سے نکالے گی،تبدیلی کا نعرہ لگانے والوں کا ایجنڈا صرف اور صرف اقتدار کا حصول ہے جبکہ ہماری جماعت وطن عزیز کو خوشحال اور باوقار بنانے کا عزم لے کر میدان میں آئی ہے،جمہوریت کی بقاء میں ہی ملکی سلامتی کا راز مضمر ہے۔

مسلم لیگی رہنما نے کہاکہ ہمارے قائدین میاں نوازشریف اور میاں شہبازشریف نے نہ صرف ملک کو بجلی کی لوڈشیڈنگ کے اندھیروں سے نکالابلکہ اس کے ساتھ ساتھ عوامی فلاح و بہبود کے دیگر بہت سے کارنامے سرانجام دئیے ہیں کہ آج پاکستانی تو ایک طرف دنیا ان کی معترف نظر آتی ہے،عوام سے پرزور اپیل ہے کہ وہ25جولائی کوفجرکی نماز پڑھ کر پاکستان مسلم لیگ(ن) کی کامیابی کیلئے دعائیں مانگیںاور گھروں سے نکل کر اپنا ووٹ کاسٹ کرنے کیلئے پولنگ اسٹیشن ضرور جائیں اور شیر کے نشان پر مہرلگا کر پاکستان مسلم لیگ(ن) کے امیدواروں کو کامیاب کروائیں۔

سابق رکن قومی اسمبلی بیگم سیماجیلانی نے کہاکہ ووٹ کے تقدس کا پیغام عوام کے دلوں تک پہنچ چکا ہے،ووٹ کا احترام ہوگا تو ملک ترقی کرے گا،قائدین ووٹ کی طاقت سے ملک کو معاشی اور اقتصادی ترقی کی شاہراہ پر گامزن کرنے کیلئے ملک بھر میں عوام کی عدالت میں جا رہے ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں