حریت کانفرنس وفد کی نگران وفاقی وزیر اُمور کشمیر خورشید بروچہ سے ملاقات

مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورت حال پر تبادلہ خیال

بدھ 15 اگست 2018 21:47

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 اگست2018ء) آل پارٹیز حریت کانفرنس کے وفد نے محمدفاروق رحمانی کی سربراہی میں نگران وفاقی وزیر اُمور کشمیر و گلگت بلتستان مسز روشن خورشید بروچہ سے اسلام آبا د میں ملاقات کی ۔ ملاقات میں مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر نے بہادر اور غیور کشمیریوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ آٹھ لاکھ بھارتی فوج کی موجودگی کے باوجود کشمیری نوجوانوں اور بچوں نے جس جوش وجذبے سے پاکستان کا یوم آزادی منایا ہے اُس کو پوری پاکستانی قوم قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور یہ کشمیریوں کی پاکستان سے وابستگی کا کھلا اظہار کرتا ہے۔

انہوںنے کہاکہ مقبوضہ وادی میں کشمیری پچھلے ستر سالوں سے جس جرات سے بھارتی فوج کی جارحیت اور ظالمانہ کاروائیوں کا سامنا کررہے ہیں اس سے ثابت ہوتا ہے کہ کشمیری مقبوضہ کشمیر کی ڈیمو گرافی تبدیل کرنے سمیت کسی بھی سازش کو کامیاب نہ ہونے دیں گے اور بھارت کی ہر سازش کا بہادری سے ڈٹ کے مقابلہ کریں گے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر حریت کانفرنس کے وفد نے وفاقی وزیر کو مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورت حال سے آگاہ کیا اور وفاقی وزیر کی مسئلہ کشمیر کو اُجاگر کرنے میں اُن کی کاوشوں پر خراج تحسین پیش کیا۔ حریت کانفرنس کے وفد میں عبدالمجید ملک، اعجاز رحمانی اور عبداحمید لون نے بھی شرکت کی۔راٹھور

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں