جڑواں شہروں میں حصول تعلیم اورروزگارکیلئے باہر سے آنی وا لوں کو رہائشی سہولیات میں مشکلات کا سامنا

حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق کھانا فراہم نہیں کیا جاتا، کمروں اورباتھ رومز کی صٖفائی کی صورتحال بھی ناقص ہے، طالب علم

جمعرات 16 اگست 2018 14:34

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اگست2018ء) جڑواں شہروں میں عوامی ہاسٹلوں میں کمی کی وجہ سے حصول تعلیم اورروزگارکیلئے باہر سے آنے والے لوگوں کو رہائشی سہولیات میں مشکلات کاسامنا کرناپڑرہاہے۔ تعلیمی اداروں میں موجودہاسٹلوں میں گنجائش اور سہولیات میں کمی کی وجہ سے طالب علموں اورروزگارکیلئے مقیم افراد کیلئے نجی ہاسٹلوں میں مہنگے اخراجات کی ادائیگی کے سواء کوئی دوسرامتبادل موجودنہیں۔

یہ ہاسٹلززیادہ تر نجی وکمرشل عمارات میں قائم ہیں جن کیلئے ضوابط کا خیال بھی نہیں رکھا جارہا۔ ایک طالب علم سہیل خان نے اے پی پی کو بتایا کہ وہ جس نجی ہاسٹل میں مقیم ہیں وہاں پرحفظان صحت کے اصولوں کے مطابق کھانا فراہم نہیں کیاجارہا، اس کے علاوہ کمروں اورباتھ رومز کی صٖفائی کی صورتحال بھی ناقص ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ ناشتے اورلانڈری کیلئے انہیں علیحدہ سے ادائیگی کرنی پڑتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ اس وقت نجی ہاسٹلوں کے اخراجات بہت زیادہ اورعام آدمی کی قوت خرید سے تجاوزکررہے ہیں۔ اس وقت ان ہاسٹلوں کے مالکان مشترکہ کمرے میں فی بیڈ 7ہزارروپے سے لیکر10ہزارروپے تک وصول کررہے ہیں۔ ایک اورطالب علم کے مطابق جڑواں شہروں کے بیشترتعلیمی اداروں میں طلباء وطالبات کیلئے رہائشی سہولیات کافقدان ہے، جن اداروں میں ہاسٹلزموجودہیں وہاں پرگنجائش کم ہے اسلئے طلباء وطالبات کونجی ہاسٹلوں میں جانا پڑرہا ہے،انہوں نے کہاکہ اس صورتحال کے تناظرمیں نجی ہاسٹلوں کے حوالے سے قواعد وضوابط وقت کا تقاضاہے۔انہوں نے اس سلسلے میں متعلقہ حکام سے اپناکرداراداکرنے کا مطالبہ کیا۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں