بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کی دفتر خارجہ طلبی، بھارتی فورسزکی جانب سے ایل او سی پر ڈنہ سیکٹر میں بلا اشتعال فائرنگ پر پاکستان کا شدید احتجاج

ہفتہ 18 اگست 2018 23:07

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2018ء) پاکستان نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو ہفتہ کو دفتر خارجہ طلب کیا اور بھارتی فورسزکی جانب سے ایل او سی پر ڈنہ سیکٹر میں بلا اشتعال فائرنگ پر شدید احتجاج کیا۔دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق 18اگست کوکنٹرول لائن پرڈنہ سیکٹر میں بھارتی قابض فوج کی جانب سے بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجے میں موجی گائوںکا 65 سالہ ذوالفقار ولد محبوب شہید جبکہ چھ سالہ اعجاز ولد سفیر زخمی ہوا۔

ڈائریکٹر جنرل (جنوبی ایشیاء و سارک) ڈاکٹر محمد فیصل نے ہفتہ کو بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو طلب کر کے بھارتی فورسز کی جانب سے بلا اشتعال فائرنگ پر احتجاجی مراسلہ انکے حوالے کیا۔ دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ ضبط و تحمل کے مطالبے کے باوجود بھارت کی طرف سے جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزیاں کی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ بھارت نے رواں سال کے ابتدائی دو ماہ کے دوران اب تک کنٹرول لائن اور ورکنگ باونڈری پر1900 سے زائد جنگ بندی کی خلاف ورزیاں کی ہیں،جس کے نتیجے میں اب تک 31 بیگناہ افراد شہید اور122 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ بیگناہ شہریوں کو جان بوجھ کر نشانہ بنانا ایک گھناونا،انسانی وقار اور بین الاقوامی انسانی حقوق کے منافی اقدام ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے مسلسل سیز فائر کی خلاف ورزیوں سے علاقائی امن و سلامتی کو خطرہ ہے ۔بھارت پر زور دیا گیا کہ وہ سیز فائر معاہدے کی پاسداری کرے اوراپنی فورسز کو سیز فائر معاہدے کی پاسداری کا پابند بنائے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں