وزیراعظم کے مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم سے پاکستان میں چین کے سفیر یائو جنگ کی ملاقات

منگل 18 ستمبر 2018 20:32

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2018ء) وزیراعظم کے مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم سے پاکستان میں چین کے سفیر یائو جنگ نے منگل کو یہاں ملاقات کی۔ چینی سفیر نے وزیراعظم کے مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی کو 10 ارب درخت لگانے کی مہم شروع کرنے پر مبارکباد دی اور کہا کہ یہ بلاشبہ موجودہ حکومت کا تاریخی اقدام ہے جس سے ملک کے موسمیاتی اور ماحولیاتی مسائل کو حل کرنے میں حکومت کی سنجیدگی کا اظہار ہوتا ہے۔

ملاقات کے دوران چینی سفیر نے پاکستان میں جنگلات کے رقبہ میں تیزی سے اضافہ کیلئے وزارت موسمیاتی تبدیلی کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ یہ زمینوں کو انحطاط پذیری سے بچانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔ ملک امین اسلم نے چینی سفیر کو ماحولیاتی خطرات اور موسمیاتی تبدیلی کے مسائل حل کرنے بارے میں تفصیلات بتائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے ماحولیاتی تحفظ کا پختہ عزم کررکھا ہے اور وہ ملک میں جنگلات کا رقبہ بڑھانے اور موسمیاتی تبدیلی کے مسائل کو حل کرنے میں پرعزم ہیں۔

چینی سفیر نے وزیراعظم کے مشیر کو بتایا کہ وزیراعظم عمران خان نومبر کے پہلے ہفتہ میں چین کا دورہ کر رہے ہیں اور ان کے دورہ کے دوران چین کا سرکاری محکمہ جنگلات اور وزارت موسمیاتی تبدیلی پاکستان میں جنگلات کی مینجمنٹ بارے اشتراک کار میں اضافہ کیلئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کریں گے۔ چینی سفیر نے وزیراعظم کے مشیر کومزید بتایا کہ سی پیک پروگرام کے تحت مشترکہ ورکنگ گروپ قائم کیا جارہا ہے اور موسمیاتی تبدیلی اس ورکنگ گروپ کا حصہ ہوگی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں