قومی شاہرات پر بھاری گاڑیوں کے بغیر رکاوٹ سفر کی روانی یقینی بنانے اور حادثات کی روک تھام کیلئے ہر ممکن اقدامات عمل میں لائے جائیں گے،وفاقی سیکرٹری مواصلات شعیب احمد صدیقی

منگل 18 ستمبر 2018 22:26

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2018ء) وفاقی سیکرٹری مواصلات شعیب احمد صدیقی نے کہا ہے کہ قومی شاہرات اور موٹرویز نیٹ ورک پر بھاری گاڑیوں کے بغیر رکاوٹ سفر کی روانی کو یقینی بنانے اور حادثات کی روک تھام کیلئے ہر ممکن اقدامات عمل میں لائے جائیں گے، گڈز ٹرانسپورٹ ایجنسیوں اور ٹرک ڈرائیورز ایسوسی ایشن کی مشاورت سے مؤثر لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔

انہوں نے یہ بات منگل کو وزارت مواصلات میں منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی جس میں چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی جواد رفیق ملک، انسپکٹر جنرل نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس محمد عامر ذوالفقار خان، چیف این ٹی آر سی سجاد افضل آفریدی اور وزارت مواصلات کے سینئر افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

گڈز ٹرانسپورٹ ایجنسیوں اور ٹرک ڈرائیورز ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے اجلاس کے دوران سڑکوں پر دوران سفر پیش آنے والی مشکلات سے آگاہ کیا۔

شعیب احمد صدیقی نے کہا کہ گڈز ٹرانسپورٹ کے ادارے اور ڈرائیور حضرات ملک کے ٹرانسپوٹ سسٹم کا اہم حصہ ہیں، سڑکوں پر دوران سفر ان کو درپیش مسائل کے حل کیلئے باہمی مشاورت اور تعاون سے آگے بڑھا جائے گا۔ انہوں نے سڑکوں کی پلاننگ ،ڈیزائننگ ،اوورلوڈنگ،ٹرکوں کی اونچائی، لمبائی، ڈرائیورز کی ٹریننگ او رہائی وے سیفٹی قواعد پر عمل درآمد کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ اوورلوڈنگ کے باعث نہ صرف حادثات کے امکانات بڑھ جاتے ہیں بلکہ سڑک کی رائیڈنگ کوالٹی بھی شدید متاثر ہوتی ہے۔ چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی جواد رفیق ملک نے کہا کہ سڑکوں کے اثاثہ کو اوور لوڈنگ سے محفوظ بنانے اور سفر کرنے والوں کو سہولیات کی فراہمی کیلئے باہمی مشاورت سے اقدامات عمل میں لائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں آگاہی مہم کی ضرورت ہے۔انسپکٹر جنرل نیشنل ہائی وے اینڈ موٹروے پولیس محمد عامر ذوالفقار خان نے کہا کہ موٹروے پولیس ملک میں قابل فخر ادارہ ہے اور موٹروے پولیس نے ڈرائیوروں کی تربیت کیلئے جدید ترین ادارہ قائم کیا ہے جس کا افتتاح جلد ہو گا۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں