پروفیسر ڈاکٹر نجیب الحق کی کتاب ’’علم تشریح الابدان‘‘ دارلافتاء وقت کی ضرورت ہے،

موجودہ دور کے فقہی مسائل کے حل کیلئے ایسی کتب ناگزیر ہیں وفاقی وزیر مذہبی امور صاحبزادہ ڈاکٹر نورالحق قادری کا پروفیسر ڈاکٹر نجیب الحق کی کتاب کی تقریب رونمائی سے خطاب

منگل 18 ستمبر 2018 22:45

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2018ء) پروفیسر ڈاکٹر نجیب الحق کی کتاب ’’علم تشریح الابدان‘‘ دارلافتاء وقت کی ضرورت ہے، موجودہ دور کے فقہی مسائل کے حل کیلئے ایسی کتب ناگزیر ہیں۔ یہ بات وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی صاحبزادہ ڈاکٹر نور الحق قادری نے کتاب کی تقریب رونمائی کے موقع پر کہی۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر مذہبی امور نے منگل کو اسلامی نظریاتی کونسل میں پروفیسر ڈاکٹر نجیب الحق کی علم طب پر ایک کتاب ’’علم تشریح الابدان‘‘ کی تقریب رونمائی کی صدارت کی۔

وفاقی وزیر نے مصنف اور اسلامی نظریاتی کونسل کی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ بلاشبہ اسلامی نظریاتی کونسل ایک اہم ادارہ ہے اور اپنے چیئرمین قبلہ ایاز کی سربراہی میں عصرِ حاضر کے نت نئے مسائل اور جدید سائنسی تحقیق کے حوالے سے فقہی مسائل کے حل اور رہنمائی کیلئے گراں قدر خدمات سر انجام دے رہا ہے۔

(جاری ہے)

آج کے مفتیانِ کرام کو کسی بھی شعبہ سے متعلق فتویٰ دینے سے قبل اس کی بنیادی معلومات اور جدید سائنسی تحقیق کو پرکھنا ہوتا ہے۔

یہ کتاب فقہ اسلامی اور افتاء کے طلبہ کیلئے نہایت اہمیت کی حامل ہو گی۔ پیر نور الحق قادری نے مزید کہا کہ اسلامی نظریاتی کونسل حکومت کی رہنمائی کرے۔ کونسل کی تمام ادھوری سفارشات پر عمل درآمد کروائیں گے۔ اس سے قبل مفتی غلام الرحمن اور پروفیسر ڈاکٹر نجیب الحق نے کتاب کے موضوعات پر روشنی ڈالی۔ تقریب کے آخر میں چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل قبلہ ایاز نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی نظریاتی کونسل جدید دور کے تقاضوں کے مطابق مختلف شعبہ ہائے زندگی کی رہنمائی جاری رکھے گی۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں