حکومت ملک میں جدید بنیادی ڈھانچہ اور دیگر شعبوں کو جدید بنانے پر کام کر رہی ہے،

حکومت عالمی بینک کی جانب سے مختلف شعبوں میں تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات مخدوم خسرو بختیار کی ورلڈ بینک کے وفد سے ملاقات سے گفتگو

بدھ 19 ستمبر 2018 18:42

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2018ء) وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات مخدوم خسرو بختیار نے کہا ہے کہ حکومت ملک میں جدید بنیادی ڈھانچہ اور دیگر شعبوں کو جدید بنانے پر کام کر رہی ہے، حکومت عالمی بینک کی جانب سے مختلف شعبوں میں تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ انہوں نے یہ بات بدھ کو یہاں ورلڈ بینک کے وفد سے ملاقات سے گفتگو کے دوران کہی۔

وفد کی قیادت ورلڈ بینک کے کنٹری ڈائریکٹر مسٹر ایلنگون نے کی۔ ملاقات میں نئی حکومت کے ترقیاتی ایجنڈے اور مختلف شعبوں میں جاری اہم منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ تعلیم، صحت، سماجی انصاف، پینے کے صاف پانی، توانائی اور سستی رہائش کو عام آدمی کی دسترس میں لانا حکومت کے منشور کا اہم حصہ ہے، ان شعبوں میں اصلاحات اور انہیں جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے ہنگامی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کہا کہ عالمی بینک کے ساتھ تعاون کو سماجی شعبہ کی ترقی تک وسعت دیں گے تاکہ عام آدمی اس سے مستفید ہو سکے، پاکستان کے روشن مستقبل کیلئے معاشرتی اور علاقائی ترقی کے نئے اہداف کا تعین کر دیا گیا ہے جن کے حصول کیلئے تمام تر اقدامات کو یقینی بنایا جا رہا ہے، ہمیں امید ہے کہ عالمی بینک علاقائی اور معاشرتی ترقی میں ہمارا ساتھ دے گا۔

عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر نے کہا کہ پاکستانی حکومت کے سماجی و معاشی ترقی کے ایجنڈے اور اس ضمن میں جاری کاوشوں کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی بینک کے تحت جاری تمام منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کرنے کیلئے پوری مستعدی سے سرگرم عمل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی بینک انسانی ترقی کے حوالہ سے وزیراعظم عمران خان کے وژن اور ایجنڈے کو سراہتا ہے اور اس اس ضمن میں تعاون کو یقینی بنایا جائے گا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں