الیکشن کمیشن کا مستقبل میں ووٹرز کی آگاہی اور سہولیات کیلئے سول سوسائٹی کیساتھ مشترکہ کاوشوں جاری رکھنے کا اعادہ

بدھ 19 ستمبر 2018 20:49

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 ستمبر2018ء) الیکشن کمیشن نے مستقبل میں ووٹرز کی آگاہی اور سہولیات کیلئے سول سوسائٹی کیساتھ مشترکہ کاوشوں کو جاری رکھنے کا اعادہ کیاہے۔ بدھ کو الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ میں سیکرٹری الیکشن کمیشن کی سربراہی میں ایک میٹنگ کا انعقاد ہوا جس میں سول سوسائٹی ممبران اور قومی کمیشن برائے خواتین کے نمائندوں نے شرکت کی۔

سول سوسائٹی کے نمائندوں نے عام انتخابات کیلئے کی جانیوالی سرگرمیوں سے متعلق اپنی معلومات شیئر کیں اور بہتر انتخابی عمل کیلئے تجاویز دیں۔

(جاری ہے)

اجلاس میں خواتین کی انتخابی عمل میں شرکت بڑھانے کیلئے آگاہی مہم ، اور ووٹر رجسٹریشن کی تجاویز سامنے آئیں۔ خواجہ سراء ووٹرز کی سہولت کیلئے الیکٹورل رول میں اضافی کالم اور شناختی کارڈ کے حصول کیلئے درپیش مسائل کے حل کی تجاویزدی گئیں۔

میٹنگ کے دوران معذور ووٹرز کی سہولت کیلئے سول سوسائٹی کے نمائندوں نے الیکشن کمیشن کی خواتین، معذور اور خواجہ سراء ووٹرزکے لیے کی جانے والی کاوشوں کو سراہا۔سیکرٹری الیکشن کمیشن نے سول سوسائٹی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مستقبل میں ووٹرز کی آگاہی اور سہولیات کے لیے مشترکہ کاوشوں کو جاری رکھنے کا اعادہ کیا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں