نواسہ رسول ؐحضرت امام حسین ؓاور انکے ساتھیوں کی عظیم قربانی کی یاد میں یوم عاشور (آج) مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جائیگا

ملک بھر میں نویں محرم پر ذوالجناح اور تعزیے کے جلوس برآمد ہوئے ،ڈبل سواری پر پابندی ، موبائل سروس کہیں جزوی ،کہیں مکمل معطل رہی مرکزی امام بارگاہوں سے نویں اوردسویں محرم کی درمیانی شب مرکزی جلوس برآمد ، اپنے روایتی راستوں سے ہوتے ہوئے دس محرم الحرام کو اپنی منزل مقصود پر اختتام پذیر ہوں گے ،شام غریباں برپا کی جائیں گی وفاقی ،صوبائی حکومتوں کی طرف سے فول پروف سکیورٹی انتظامات ،مانیٹرنگ کیلئے کنٹرول رومز قائم ،روٹس پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب

جمعرات 20 ستمبر 2018 15:00

لاہور/اسلام آباد/ کراچی/ پشاور/ کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 ستمبر2018ء) نواسہ رسول ؐحضرت امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ اوران کے ساتھیوں کی اسلام کی سربلندی اور حق وصداقت کے لئے میدان کربلا میں دی گئی عظیم قربانی کی یاد میں یوم عاشور آج دسویں محرم الحرام بروز(جمعہ)کو مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جائے گا ،ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں، قصبوں میں ذوالجناح اور تعزیے کے جلوس برآمد ہونگے،مرکزی امام بارگاہوں سے نویں اور دسویں محرم کی درمیانی شب مرکزی جلوس برآمد ہو گئے جو اپنے روایتی راستوں سے ہوتے ہوئے آج 10محرم الحرام کواپنی منزل مقصود پر پہنچ کر اختتام پذیر ہوں گے جس کے بعدشام غریباں منائی جائے گی۔

وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی طرف سے فول پروف سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

امن و امان کے تناظر میں ملک کے مختلف شہروں میں موبائل فون سروس معطل رہے گی ۔ذرائع کے مطابق موبائل فون سروس جلوسوں کے روٹس پر بند رہے گی جو کہ جلوسوں کے اختتام تک معطل رہے گی۔ملک بھر میں امن وامان کو یقینی بنانے کی غرض سے پولیس کے ساتھ پاک فوج ، رینجرز اور ایف سی کے دستے بھی حفاظتی ڈیوٹیوں پر تعینات ہوں گے ۔

لاہور ، کراچی ، پشاور سمیت ملک کے بڑے شہروں میں دس محرم کو بھی ڈبل سواری پر مکمل پابندی عائد ہو گی ۔دس محرم الحرام کو مرکزی جلوسوں میں شامل ہونے والے مختلف مقامات پر جامع تلاشی کے بعد شامل ہو سکیں گے اس کے لئے واک تھرو گیٹس بھی نصب کیے گئے ہیں جبکہ جلوسوں کے منتظمین اور رضا کار بھی حفاظتی ڈیوٹیوں پر تعینات ہیں۔ جلوس کے راستوں میں بغیر اجاز ت پانی اور دودھ کی سبیلیں لگانے اور نیاز تقسیم کرنے کی اجازت نہیں اور اس سلسلہ میں منتظمین کو ذمہ داری سونپی گئی ہے کہ وہ اس پر پابندی کے ذمہ داری ہوں گے کہ کوئی بھی اجنبی شخص اپنے طور پر کھانے پینے کی اشیاء تقسیم نہ کرے ۔

جلوسوں کے راستوں میں آنے والے تجارتی مراکز اور رہائشگاہوں کی جامع تلاشی کے بعد ان کی چھتوں پر سنائپرز تعینات کئے گئے ہیں ۔عاشور کے موقع پر کسی بھی نا خوشگوار واقعہ سے نمٹنے کیلئے امام بارگاہوں، مساجد، عبادت گاہوں اور مزارات کی سکیورٹی بھی سخت کر دی گئی ہے ۔جبکہ کسی بھی نا خوشگوار واقعہ کے پیش نظر تمام سرکاری ہسپتالوں میں ایمر جنسی نافذ ہے اور تمام ایم ایس صاحبان کو ڈاکٹروں اورپیرا میڈیکل سٹاف کو الرٹ رکھنے اور ادویات کا متعلقہ سٹاک پورا رکھنے کی ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں ۔

پنجاب حکومت نے یوم عاشور کے موقع پر جلوسوں کی فول پروگ سکیورٹی کے حوالے سے تمام انتظامات مکمل کر لیے ۔ جلوسوں کے روٹس اور حساس مقامات پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب ہیں ۔صوبائی، ڈویژن، ضلع اور تحصیل کی سطح پر کنٹرول رومز قائم ہیں جبکہ جلوسوں کی سکیورٹی یقینی بنانے کیلئے 4 درجاتی حصار بنائے گئے ہیں۔ اس کے ساتھ سی سی ٹی وی کیمروں، جنریٹرز، لائٹس، واک تھرو گیٹس، میٹل ڈیٹیکٹرز اور دیگرآلات کا استعمال کیا جا رہا ہے۔

دسویں محرم کے موقع پر بھی صوبہ بھر میں ڈبل سواری پر مکمل پابندی عائد ہو گی ۔جبکہ ہیلی کاپٹرز کے ذریعے عاشورہ کے جلوسوں کی فضائی نگرانی بھی کی جائے گی ۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ہدایات جاری کی ہیں کہ صوبائی کابینہ کمیٹی برائے امن و امان امن عامہ کی صورتحال یقینی بنانے کیلئے کئے جانیوالے اقدامات کا باقاعدگی سے جائزہ لے۔

منتخب نمائندے بھی پولیس اور انتظامیہ کے ساتھ مل کر سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیں۔ انہو ںنے تاکید کی کہ جلوسوں اور مجالس کی حفاظت پر مامور سکیورٹی اہلکاروں کو کھانے پینے کے اشیاء کی بروقت فراہمی کے انتظامات بھی کئے جائیں۔کمشنر ز اورآر پی او زاپنے اپنے متعلقہ اضلاع میں سکیورٹی کے انتظامات کا موقع پر جاکر خود جائزہ لیں اوراس ضمن میں رپورٹ پیش کی جائے۔

قبل ازیں 9ویں محرم الحرام کی مناسبت سے ملک بھر میں شبیہ ذولجناح اور تعزیے کے جلوس برآمد ہوئے۔لاہور میں 9 محرم الحرام کا مرکزی جلوس امام بارگاہ پانڈو اسٹریٹ اسلام پورہ سے برآمد ہوا جو مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا اسی مقام پر واپس آکر اختتام پذیر ہوا ۔ کراچی میں مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوا اور مختلف راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینہ ایرانیاں کھارادر پہنچ کر اختتام پذیر ہوا ۔

اسلام آباد میں مرکزی جلوس سیکٹر جی 6 ٹو امام بارگاہ سے برآمد ہوا جو مختلف راستوں سے ہوتا ہوا مقررہ مقام پر اختتام پذیر ہوا ۔گوجرانوالہ میں مرکزی جلوس امام بارگاہ حویلی سادات سے برآمد ہوا جبکہ ملتان میں 9 محرم الحرام کا مرکزی جلوس امام بارگاہ ممتاز آباد سے برآمد ہوا ۔ پولیس نے جلوسوں کے راستوں پر سکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے اور جگہ جگہ پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری بھی تعینات کی گئی ۔لاہور ، کراچی، حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد، شکار پور، فیصل آباد، ملتان، گوجرانوالہ ، سرگودھا، کوئٹہ اور پشاور سمیت دیگر کئی شہروں میں موبائل فون سروس کہیں جزوی اور کہیں مکمل طور پر معطل رہی ۔جبکہ مختلف شہروں میں ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد رہی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں