ملک کے دیگر شہروں کی طرح وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی نواسہ رسولؐ حضرت امام حسینؓ و دیگر شہداء کربلا کو خراج عقیدت پیش،

9ویں محرم الحرام کو علم و ذوالجناح کا جلوس مرکزی امام بارگاہ اثنائے عشری سے برآمد، سخت سیکورٹی حصار میں مقام آغاز پر اختتام پذیر ہو گیا

جمعرات 20 ستمبر 2018 23:25

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 ستمبر2018ء) ملک کے دیگر شہروں کی طرح وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی نواسہ رسولؐ حضرت امام حسینؓ و دیگر شہداء کربلا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے یوم عاشور کے سلسلے میں 9ویں محرم الحرام کو علم و ذوالجناح کا جلوس نکالا گیا، جلوس مرکزی امام بارگاہ اثنائے عشری سے برآمد ہوا اور سخت سیکورٹی حصار میں اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا مقام آغاز پر اختتام پذیر ہو گیا۔

مرکزی جلوس نماز ظہرین کے بعد مرکزی امام بارگاہ سے برآمد ہوا ، جلوس کے شرکاء ماتم، سینہ کوبی اور زنجیر زنی کرتے ہوئے نواسہ رسولؐ حضرت امام حسینؓ اور دیگر شہدائے کربلا کو پرسہ پیش کرتے رہے، جلوس کے شرکاء کے لئے جگہ جگہ سبیلوں اور لنگر کا اہتمام کیا گیا تھا جبکہ مختلف مذہبی تنظیموں کی طرف سے واقعہ کربلا کی مناسبت سے کتب، سی ڈیز اور دیگر کتابچوں کے خصوصی سٹالز قائم کے گئے تھے جبکہ جلوس کے شرکاء کی حفاظت کے لئے اسلام آباد پولیس، ضلعی انتظامیہ، رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار جلوس کے راستے پر تعینات تھے۔

(جاری ہے)

اسلام آباد ٹریفک پولیس کی طرف سے شہر میں ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لئے خصوصی انتظامات کئے گئے جبکہ جلوس کے روٹ کی طرف آنے والے تمام راستوں کو خاردار تاروں، کنٹینرز لگا کر سیل کیا گیا تھا اور پولیس اہلکار راستے میں آنے والی عمارتوں، گھروں اور چھتوں پر بھی سیکورٹی فرائض سرانجام دے رہے تھے۔ جلوس کے شرکاء کی سہولت کے لئے مختلف رفاہی اداروں کی طرف سے موبائل میڈیکل کیمپ بھی تعینات تھے جو جلوس کے شرکاء کو فوری طبی امداد کی فراہمی کے لئے تمام ادویات اور عملہ سے لیس تھے۔

ضلعی انتظامیہ کے افسران، میٹرو پولیٹن کارپوریشن اسلام آباد کے نمائندے بھی جلوس کے شرکاء کو سہولت اور سیکورٹی کی فراہمی کے لئے موقع پر موجود رہے۔ جلوس کے شرکاء نے نماز مغربین راستے میں ادا کی، فائر ٹینڈرز گاڑیاں، ریسکیو 1122 کے علاوہ پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لئے میٹروپولیٹن کارپوریشن اور سی ڈی اے نے خصوصی انتظامات کر رکھے تھے جبکہ جلوس کے راستے پر تمام سٹریٹ لائٹس کو روشن کیا گیا تھا اور درختوں کی کانٹ چھانٹ، گھاس کی کٹائی اور صفائی کے انتظامات بھی کئے گئے تھے تاکہ جلوس کے شرکاء کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

علم اور ذوالجناح کے ماتمی جلوس نواسہ رسولؐ کو پرسہ پیش کرتے ہوئے اپنے مقام آغاز پر اختتام پذیر ہوئے۔ جامع سیکورٹی انتظامات کی وجہ سے کوئی بھی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا جبکہ اسلام آباد کے داخلی اور خارجی راستوں کی کڑی نگرانی کی گئی اور کنٹرول روم کے ذریعے تمام انتظامات کی نگرانی کی گئی۔ وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے بھی سیف سٹی پراجیکٹ میں قائم کنٹرول روم کا دورہ کیا اور سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ جلوس سے ملحقہ سیکٹرز میں موبائل فون سروس جزوی طور پر معطل رہی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں