ملک بھر میں 9 محرم الحرام کے جلوس روایتی راستوں سے گزر کر اختتام پذیر

کئی شہروں میں موبائل فون معطل رہی، داخلی راستوں پر بھی گاڑیوں کی سخت چیکنگ کا سلسلہ جاری

جمعرات 20 ستمبر 2018 23:35

ملک بھر میں 9 محرم الحرام کے جلوس روایتی راستوں سے گزر کر اختتام پذیر
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 ستمبر2018ء) کراچی، لاہور اور پشاور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں 9 محرم الحرام کے جلوس برآمد ہوئے اور اس دوران کئی شہروں میں موبائل فون سروس معطل رہی۔ پولیس نے جلوسوں کے راستوں پر سیکورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے اور جگہ جگہ پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری بھی تعینات رہی۔ 9 اور 10 محرم الحرام کے موقع کراچی و دیگر شہروں میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی ہے اور بڑے شہروں کے داخلی راستوں پر بھی گاڑیوں کی سخت چیکنگ کا سلسلہ جاری ہے۔

کراچی، حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد، شکار پور، لاہور، فیصل آباد، ملتان، گوجرانوالہ ، سرگودھا، کوئٹہ اور پشاور سمیت دیگر میں موبائل فون سروس کہیں جزوی اور کہیں مکمل طور پر معطل رہی جو جلوسوں کے اختتام پر بتدریج بحال ہوگئی۔

(جاری ہے)

حضرت امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ اور ان کے رفقا کی عظیم قربانی کی یاد میں کراچی کے مختلف علاقوں سے جلوس نکالے گئے جو نمائش چورنگی پر اختتام پذیر ہوئے۔

اس کے بعد نشتر پارک میں مجلس برپا کی گئی، علامہ شہنشاہ حسین نقوی نے نواسہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی قربانی اور سیرت مبارکہ پر روشنی ڈالی۔مجلس کے بعد مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہو، جلوس کے شرکائ نے امام بارگاہ علی رضا پر نماز ظہرین ادا کی۔جلوس سی بریز، ایمپریس مارکیٹ، ریگل چوک، ریڈیو پاکستان سے ہوتا ہوا، امام بارگاہ حسینیان ایرانیان کھارادر پر اختتام پذیر ہوگیا۔

جلوس کی سیکیورٹی کے لیے ایم اے جناح روڈ کے اطراف کی تمام گلیوں کو کنٹینرز لگا کر بند کردیا گیاتھا جبکہ راستے میں آنے والی تمام دکانوں اور کاروباری مراکز کو سیل کیا گیا۔مرکزی جلوس کی سیکیورٹی کے لیے پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی جبکہ بلند عمارتوں پر ماہر نشانہ باز بھی موجود تھے۔کراچی پولیس چیف ڈاکٹر امیر شیخ نے بھی مرکزی جلوس کادورہ کیا اور سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔

لاہور میں 9 محرم الحرام کا مرکزی جلوس امام بارگاہ پانڈو اسٹریٹ اسلام پورہ سے برآمد ہوا جو مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا اسی مقام پر واپس آکر اختتام پذیر ہوگیا۔ اسلام آباد میں 9 محرم الحرام کا مرکزی جلوس سیکٹر جی 6 ٹو امام بارگاہ سے برآمد ہوا جو مختلف راستوں سے ہوتا ہوا مقررہ مقام پر اختتام پذیر ہوا۔پشاور میں نویں محرم الحرام کا شبیہہ علم و ذوالجناح کا مرکزی جلوس مخصوص راستوں سے ہوتا ہوا اختتام پذیر ہوگیا۔

پشاورمیں نویں محرم الحرام کا شبیہہ علم و ذوالجناح کا مرکزی جلوس صبح 10 بجے امام بارگاہ حسینیہ ہال صدر روڈ کینٹ سے برآمد ہوا۔ماتمی جلوس مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا فوارا چوک پہنچا جہاں نماز ظہرین ادا کی گئی، اس موقع پر عزادار سینہ کوبی اور زنجیر زنی کرتے رہے۔ کوئٹہ میں نویں محرم الحرام کے سلسلے میں شبیہہ ذوالجناح کا جلوس نکالا گیا، جلوس کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔

جلوس دو پہر کو میکانگی روڈ پر واقع امام بارگاہ ناصر العزائ سے برآمد ہوا، جلوس کے موقع پر عزادار سینہ کوبی اور نوحہ خوانی کرتے رہے۔نویں محرم کیجلوس کے روٹ پر جانیوالے راستوں کو سیل کر دیا گیا تھا جبکہ اس دوران جلوس کے روٹ اور اطراف میں کاروباری مراکز اور دکانیں بھی بند رہیں۔دوسری جانب جلوس کی سکیورٹی کے لیے پولیس کے 600 سے زائد اہلکاروں کے علاوہ ایف سی اہلکار بھی تعینات کئے گئے تھے جبکہ جلوس کی سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مانیٹرنگ بھی کی گئی، بعد میں شبیہ ذوالجناح کا یہ جلوس اپنے مقر رہ راستے سے ہوتیہوئے امام بار گاہ ناصر العزا پر اختتام پذیر ہوگیا۔

گوجرانوالہ میں مجموعی طور پر 103 جلوس نکالے گئے جب کہ مرکزی جلوس امام بارگاہ حویلی سادات سے برآمد ہوگا جب کہ ملتان میں 9 محرم الحرام کا مرکزی جلوس امام بارگاہ ممتاز آباد سے برآمد ہوگا۔راولپنڈی میں 9 محرم الحرام کا مرکزی جلوس امام بارگاہ فاطمیہ چیٹیاں ہٹیاں سے برآمد ہوا جو اقبال روڈ کالج روڈ سے ہوتا ہوا امام بارگاہ کرنل مقبول حسین جاکر اختتام پذیر ہوا۔محرم الحرام کے موقع پر چمن میں پاک افغان سرحد پر باب دوستی اور تفتان میں پاک ایران سرحد پر زیرو پوائنٹ اور راہداری گیٹ دو روز کے لیے بند کردی گئی ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں