پاکستان کے مستقبل کے لئے نئے ڈیموں کی تعمیر ضروری ہے ،

قوم کو سپریم کورٹ آف پاکستان کی طرف سے قائم فنڈ میں دل کھول کر عطیات دینے چاہئیں، پی ٹی آئی خواتین اراکین قومی اسمبلی

ہفتہ 22 ستمبر 2018 14:22

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 ستمبر2018ء) پاکستان تحریک انصاف کی خواتین اراکین قومی اسمبلی نے کہا ہے کہ پاکستان کے مستقبل کے لئے نئے ڈیموں کی تعمیر ضروری ہے اور قوم کو سپریم کورٹ آف پاکستان کی طرف سے قائم فنڈ میں دل کھول کر عطیات دینے چاہئیں۔ پی ٹی آئی کی ایم این اے زرتاج گل نے ہفتہ کو بتایا کہ پاکستان میں 80 فیصد پانی ضائع ہو جاتا ہے اور اگر یہی سلسلہ جاری رہا تو 2025ء تک ملک میں پانی کی شدید قلت ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ نئی حکومت نے ڈیموں کی تعمیر کے مسئلے کو سنجیدگی سے لیا ہے اور پانی اور توانائی کے بحران سے نمٹنے کے لئے اس اہم ایشو کو حل کرنے کے لئے عملی اقدامات اٹھائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور فوج چیف جسٹس آف پاکستان کے اس اقدام کی بھرپور حمایت کرتی ہے۔

(جاری ہے)

یہ ایک اچھی علامت ہے کہ تمام سٹیک ہولڈر پانی جیسے اہم مسئلے پر ایک پیج پر ہیں۔

اپوزیشن کو بھی ڈیم کے لئے عطیات جمع کرنے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ زراعت، صنعت اور ملک کا مستقبل ڈیموں سے وابستہ ہے، بعض عناصر ڈیموں کے مسئلہ پر سیاست کرنا چاہتے ہیں، اگر ہم نے ڈیم نہ بنائے تو ملک بنجر ہو جائے گا۔ رکن قومی اسمبلی نورین نے بتایا کہ فوری بنیادوں پر ڈیموں کی تعمیر ضروری ہے اور تمام پاکستانیوں کو دل کھول کر عطیات دینے چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ بات خوش آئند ہے کہ چیف جسٹس ثاقب نثار نے اس اہم معاملے پر مہم شروع کی ہے، ڈیم ہمیں اپنے وسائل سے بنانے ہوں گے اور اس مقصد کے لئے بین الاقوامی برادری سے قرضے لینے کی ضرورت نہیں ہو گی، قوم کے لئے اب آزمائش کا وقت ہے کہ وہ فنڈ ریزنگ مہم میں بھرپور طریقے سے شرکت کرے تاکہ ہمارے مستقبل کی نسلوں کو محفوظ بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ڈیم نہ بنے تو اس سے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچے گا بلکہ ہماری معیشت بھی متاثر ہو گی۔ پی ٹی آئی کی رہنما عندلیب عباس نے کہا کہ پوری قوم کو ڈیمز کی تعمیر کے لئے قائم فنڈ میں اپنا حصہ ڈالنا چاہیے کیونکہ نئے ڈیموں کی تعمیر وقت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اس اہم مقصد کو اجاگر کرنے میں میڈیا کے کردار پر زور دیا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں