پولش ائیر فورس کے سربراہ کا ایئر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ

دونوں ممالک کی فضائی افواج کے سربراہان کا دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینے پرضامندی کا اظہار

پیر 24 ستمبر 2018 17:28

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 ستمبر2018ء) پولینڈ کی فضائیہ کے سربراہ برگیڈیئرجنرل یاسک پشتوا نے پیر کو ایئر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا۔ ایئر ہیڈ کوارٹر اسلام آبادآمد پر پاک فضائیہ کے سربراہ ائیرچیف مارشل مجاہد انور خان نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔ پاک فضائیہ کے چاق وچوبند دستے نے معزز مہمان کوگارڈ آف آنر پیش کیا۔

پاک فضائیہ کے ترجمان کے مطابق معزز مہمان نے پاک فضائیہ کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لئے یاد گارِ شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔بعد ازاں پولش فضائیہ کے سربراہ نے پاک فضائیہ کے سربراہ ایئرچیف مارشل مجاہد انور خان سے ان کے آفس میں ملاقات کی اور پیشہ ورانہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ ء خیال کیا۔

(جاری ہے)

پولش فضائیہ کے سربراہ نے پاک فضائیہ کے ارکان کی پیشہ ورانہ مہارت اور جرات و بہادری کو بھی سراہا۔

پاک فضائیہ کے سربراہ نے دونوں ممالک کی فضائی افواج کے درمیان قابل رشک تعلقات کی تعریف کی اور انہوں نے پاک فضائیہ کے ابتدائی دور میں تعمیر و ترقی اور جدیدیت میں پولش افسران کے کلیدی کردار کو بھی سراہا۔ دونوں شخصیات نے پاکستان اور پولینڈ کے درمیان بالعموم اور فضائی افواج کے مابین بالخصوص باہمی تعلقات اور دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینے پرضامندی کا اظہار کیا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں