دبئی میں مقیم پاکستانیوں نے ڈیم فنڈ کیلئے اب تک کا سب سے بڑا عطیہ دے دیا

بیرون ملک مقیم پاکستانی وزیراعظم عمران خان کی امیدوں کا مرکز ہیں، دیامر بھاشا ڈیم کی تعمیر کیلئے سمندر پار مقیم پاکستانی دل کھول کر عطیات دینے لگے ہیں، دبئی میں مقیم پاکستانیوں نے عشائیہ میں 7 لاکھ 56 ہزار ڈالر عطیہ کئے ہیں، سینیٹر فیصل جاوید

پیر 24 ستمبر 2018 17:36

دبئی میں مقیم پاکستانیوں نے ڈیم فنڈ کیلئے اب تک کا سب سے بڑا عطیہ دے دیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 ستمبر2018ء) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کے چیئرمین سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ہے کہ دیامر بھاشا ڈیم کی تعمیر کیلئے سمندر پار مقیم پاکستانی دل کھول کر عطیات دینے لگے ہیں، دبئی میں مقیم پاکستانیوں نے ایک عشائیہ میں 7 لاکھ 56 ہزار ڈالر عطیہ کئے ہیں۔ پیر کو پی ٹی آئی کے مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم کی ہدایت پر انہوں نے عشائیہ میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

دبئی کی معروف کاروباری شخصیات ممتاز مسلم اور امجد علی خان نے عشائیہ کا اہتمام کیا۔ دبئی کی معروف کاروباری شخصیت ممتاز مسلم نے کہا کہ اگلے ایک دو روز میں 10 لاکھ ڈالر اکٹھا کرنے کا ہدف حاصل کر لیں گے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی وزیراعظم عمران خان کی امیدوں کا مرکز ہیں، وزیراعظم کی نظر میں بیرون ملک مقیم پاکستانی ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے دل کھول کر ڈیم فنڈ میں عطیات جمع کرانے پر عشائیہ کے شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں