اسلام آباد میں طالبات کو ہراساں کرنے والا کالج پروفیسر برطرف

پیر 24 ستمبر 2018 20:35

اسلام آباد میں طالبات کو ہراساں کرنے والا کالج پروفیسر برطرف
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 ستمبر2018ء) انسداد ہراسیت محتسب نے طالبات کو ہراساں کرنے میں ملوث بحریہ کالج کے پروفیسر کو نوکری سے نکالنے کا حکم دیدیا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق انسداد ہراسیت محتسب نے بحریہ کالج کے پروفیسر کو طالبات کو ہراساں کرنے پر نوکری سے برطرف کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ 31 مئی کو عمیمہ فاطمہ نے محتسب میں درخواست دائرکی تھی کہ 28 مئی کو بیالوجی پریکٹیکل کے دوران پروفیسرسعادت نے طالبات کو ہراساں کیا تھا، 20 سے زائد طالبات اور 3 طلبہ نے ہراساں کرنے کے الزامات کی تصدیق کی ہے۔

طالبہ کی درخواست پر انسدادِ ہراسیت محتسب کشمالہ طارق کی جانب سے تحریری فیصلہ جاری کردیا گیا ہے جس میں کہا گیا کہ بحریہ کالج میں طالبات کا بیالوجی کا پریکٹیکل دوبارہ لیا جائے اور طالبات کو ہراساں کرنے میں ملوث پروفیسر کو فوری برطرف کیا جائے اور الزام ثابت ہونے پر مجرم کو 2 لاکھ روپے کا جرمانہ بھی ادا کرنا ہوگا۔

(جاری ہے)

حکم نامے میں کہا گیا کہ بیالوجی ڈیپارٹمنٹ کی ہیڈ صبوہی حسین کو تادیبی لیٹرجاری کیا جائے، آئی جی اسلام آباد قانونی کارروائی کے لئے تحقیقاتی ٹیم تشکیل دیں۔

تحریری فیصلے میں حکم دیا گیا کہ وفاقی نظامت تعلیمات متاثرہ طالبات کی نفسیاتی کونسلنگ کیلئے انتظامات کرے اور اداروں میں انسداد ہراسیت قوانین سے آگاہی یقینی بنائے جبکہ شہر بھر کے تعلیمی اداروں میں ہراساں کرنے کے واقعات کی رپورٹ جمع کرائی جائے۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں