سینیٹ ایوان بالا ہے، اس کا احترام کرتے ہیں، اپوزیشن خوش قسمت ہے کہ عمران خان جیسا وزیراعظم ہے جس نے عام انتخابات میں دھاندلی کے الزامات کی تحقیقات کے لئے اپنا وعدہ پورا کیا اور اپوزیشن کو دھرنا دینا پڑا نہ کنٹینر لگانا پڑا

وزیر پارلیمانی امور علی محمد خان کا ایوان بالا میں اظہار خیال

منگل 25 ستمبر 2018 18:49

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 ستمبر2018ء) وزیر پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا ہے کہ سینیٹ ایوان بالا ہے، اس کا احترام کرتے ہیں۔ اپوزیشن خوش قسمت ہے کہ عمران خان جیسا وزیراعظم ہے جس نے عام انتخابات میں دھاندلی کے الزامات کی تحقیقات کے لئے اپنا وعدہ پورا کیا اور اپوزیشن کو دھرنا دینا پڑا نہ کنٹینر لگانا پڑا۔

منگل کو ایوان بالا کے اجلاس میں سینیٹ کی داخلہ کمیٹی کی تحریک پر بحث کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا کہ رضا ربانی کا سب احترام کرتے ہیں، وزیراعظم نے پہلی تقریر میں کہا کہ جس تکلیف سے ہم گذرے ہیں ہم آج کی اپوزیشن کو اس تکلیف میں نہیں گزارنا چاہتے جس حلقے پر شک ہے وہاں تحقیقات کے لئے تیار ہیں۔

(جاری ہے)

الیکشن ہم نے نہیں کرائے، عمران خان نے اپنا وعدہ پورا کیا۔ اپوزیشن کو 129 دن دھرنا نہیں دینا پڑا، کنٹینر نہیں لگانا پڑا، گولیاں اور لاٹھیاں نہیں کھانا پڑیں، اس کے بغیر ہی اپوزیشن کا مطالبہ مان لیا گیا۔ ہمیشہ سے حکومت کی پارلیمانی کمیٹی میں نمائندگی زیادہ ہوتی ہے لیکن ہم کمیٹی میں برابر نمائندگی پر راضی ہوئے چونکہ ڈائریکٹ الیکشن سے متعلقہ مسئلہ تھا اس لئے اس میں صرف قومی اسمبلی کے ارکان لئے گئے۔ مشاورت میں سینئر رہنما موجود تھے۔ سینیٹ ایوان بالا ہے، اس کے بغیر کوئی قانون نہیں بن سکتا، ہم سینیٹ کو بالا ایوان کے طور پر ہی دیکھتے ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں