سینیٹ سیکرٹریٹ اور جاپان کے ایوان نمائندگان نے قانون سازی اور پارلیمانی طریقہ کار میں بہتری لانے کیلئے ادارہ جاتی تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق

بدھ 26 ستمبر 2018 19:48

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 ستمبر2018ء) سینیٹ سیکرٹریٹ اور جاپان کے ایوان نمائندگان نے قانون سازی اور پارلیمانی طریقہ کار میں بہتری لانے کیلئے ادارہ جاتی تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا ہے تاکہ ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھاتے ہوئے پارلیمانی شعبوں کی کارکردگی کو وقت کے جدید تقاضوں کے مطابق ڈھالا جا سکے اور کارکردگی میں بہتری لائی جائے ۔

اس حوالے سے سینیٹ کے اعلیٰ افسران کا ایک وفد جس کی قیادت سیکرٹری سینیٹ امجد پرویز ملک کر رہے ہیں نے جاپان میں ایوان نمائندگان کے سیکرٹری جنرل اور جاپان کی پارلیمان کی قانون سازی کے شعبوں کے اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کیںاور ادارہ جاتی تعاون کو فروغ دینے کیلئے نئی راہیں ہموار کرنے پر تبادلہ خیال کیا۔

(جاری ہے)

وفد جاپان کے چار روزہ مطالعاتی دورے پر ہے اس دورے کے معاونت بین الپارلیمانی یونین اور سینیٹ کے مابین طے پانے والے ایک باہمی سمجھوتے کی یاداشت کے تحت بین الپارلیمانی یونین نے کی ہے ۔

وفد میں ایڈوائزر سینیٹ جسٹس ریٹائرڈ محمد رضا خان اور ڈپٹی سیکرٹری سینیٹ عبدالفتح اُجنڑ شامل ہیں۔ سیکرٹری سینیٹ نے ملاقاتوں میں اپنے جاپانی ہم عہدہ کو پاکستان کے پارلیمانی نظام اور پارلیمانی شعبوں کے کام کے طریقہ کار کے بارے میں آگاہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ کام کے طریقہ کار میں تبدیلی دیکھنے میں آرہی ہے اور قانون سازی کے شعبے میں بہترین معاونت کی ضرورت اب پہلے کی نسبت زیادہ بڑھ گئی ہے جس کیلئے ایک مخصوص قانون سازی کے مسودے تیار کرنے کے شعبے کی اشد ضرورت ہے ۔

سیکرٹری سینیٹ نے پارلیمانی سٹاف کے استعداد کار کو بڑھانے پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیا ۔سیکرٹری سینیٹ نے کہا کہ سینیٹ آف پاکستان نے ادارہ جاتی کارکردگی میں بہتری لانے کیلئے ایک موثر حکمت عملی تیار کی گئی ہے تاکہ اراکین پارلیمنٹ کو معیاری سہولیات فراہم کر کے قانون سازی کے شعبے میں اعلیٰ اور معیاری معاونت فراہم کی جائے ۔

انہوں نے کہا کہ سینیٹ اور قومی اسمبلی کی نئی منتخب ہونے والی قیادت ملک کے معاشی و اقتصادی ترقی میں پارلیمان کے کردار کو بہت اہمیت دیتی ہے ۔انہوں نے نئے اقدامات کے بارے میں تفصیلی آگاہ کیا ۔سیکرٹری سینیٹ نے جاپان کے سیکرٹری جنرل کو ایشیائی پارلیمانی اسمبلی کی سیاسی امور کی کمیٹی کے گوادر میں ہونے والے اجلاس میں شرکت کیلئے وفد پاکستان بھیجنے کی دعوت بھی دی ۔ملاقاتوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ جاپان کے سیکرٹری جنرل نے پاکستانی وفد کے اس دورے کو انتہائی اہم قرار دیا انہوں نے سیکرٹری سینیٹ کے نقطہ نظر کی تعریف کی اور دوطرفہ روابط کو مزید بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں