پاکستان سینیٹ نے پارلیمانی سفارتکاری میں ایک اور سنگ میل عبور کر لیا، سینیٹر فاروق ایچ نائیک بین الاقوامی پارلیمانی یونین کی اقوام متحدہ کے امور سے متعلق کمیٹی کے ممبر نامزد

پیر 15 اکتوبر 2018 18:26

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2018ء) پاکستان سینیٹ نے پارلیمانی سفارتکاری میں ایک اور سنگ میل عبور کر لیا۔ سینیٹر فاروق ایچ نائیک کو متفقہ طور پر بین الاقوامی پارلیمانی یونین کی اقوام متحدہ کے امور سے متعلق کمیٹی کا ممبر نامزد کر دیا گیا ہے۔ سابق چیئرمین سینیٹ کو (کل) بدھ کو کمیٹی کی گورننگ کونسل کے جنیوا سو ئٹزر لینڈ میں منعقد ہونے والے اجلاس میں باقاعدہ طور پر ممبر منتخب کر لیا جائے گا اور وہ اقوام متحدہ کے امور سے متعلق کمیٹی کی نمائندگی کریں گے۔

پاکستان کی جانب سے سینیٹر فاروق ایچ نائیک کو چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے نامزد کیا جبکہ سپیکر قومی اسمبلی نے ان کی نامزدگی کی تائید کی۔ وہ اس سے قبل بھی اقوام متحدہ سے متعلق بین الاقوامی پارلیمانی یونین کے گروپ کے ممبر رہے اور ان کی کاوشوں سے دونوں اداروں کے مابین رابطہ کاری میں استحکام پیدا ہوا جس کے نتیجے میں آئی پی یو کی اقوام متحدہ کے امور سے متعلق مستقل کمیٹی تشکیل دی گئی۔

(جاری ہے)

کمیٹی کا مقصد ملکی اور بین الاقوامی سطح پر کیے گئے معاہدوں اور وعدوں پر عملدآمد یقینی بنا نے کیلئے کوشاں ارکان پارلیمنٹ کے لئے راہیں ہموار کرنا ہے۔ اس سلسلے میں ارکان پارلیمنٹ آپس میں گفت و شنید کے ذریعے معاملات کو آگے بڑھانے میںمعاون ہوتے ہیں۔ اس کمیٹی کو 18 رکنی بیورو کی خدمات حاصل ہوتی ہیں جو کہ اقوام متحدہ کے پائیدار ترقی، امن ، بجٹ، اصلاحات اور انسانی حقوق کے حوالے سے امور کی نگرانی میں معاونت کرتی ہے۔

کمیٹی کا سال میں دو بار اجلاس ہوتا ہے۔ سینیٹرز شمیم آفریدی، شیر علی ارباب ایم این اے اور سیکرٹری جنرل سینیٹ امجد پرویز ملک نے جنیوا میں آئی پی یو کے سائیڈ لائنز پر ایشیائی پارلیمانی اسمبلی کے رابطہ کاری اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی بھی کی اور رکن ممالک پر ایشیائی پارلیمانی اسمبلی کی سیاسی امور کی کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کی دعوت بھی دی۔ ترکی کی پارلیمان کے سپیکر اور اے پی اے کے صدر اور سیکرٹری جنرل نے پاکستان کے موثر کردار کو سراہا اور کاوشوں کی تعریف کی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں