ضمنی انتخابات ،ْ سمندر پار پاکستانیوں کے ووٹوں کو نتائج کا حصہ بنانے کا فیصلہ

ْانٹرنیٹ کے ذریعے ڈالے گئے ووٹوں کی تفصیلات متعلقہ آر اوز کوبھجوا دی گئیں ،ْالیکشن کمیشن 7364 رجسٹرڈ سمندر پار پاکستانیوں میں سے 6233 نے ووٹ ڈالا اور اس طرح آئی ووٹنگ کا ٹرن آوٹ 83.5 فیصد سے زائد رہا

پیر 15 اکتوبر 2018 23:49

ضمنی انتخابات ،ْ سمندر پار پاکستانیوں کے ووٹوں کو نتائج کا حصہ بنانے کا فیصلہ
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2018ء) الیکشن کمیشن نے ضمنی انتخابات میں سمندر پار پاکستانیوں کے ووٹوں کو گنتی کرکے نتائج کا حصہ بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) سردار محمد رضا خان سے چیئرمین نادرا عثمان مبین اور دیگر حکام نے ملاقات کی جس میں چیئرمین نادرا نے الیکشن کمیشن حکام کو سمندر پار پاکستانیوں کی آئی ووٹنگ کے حوالے سے بریفنگ دی۔

الیکشن کمیشن نے نادرا کی بریفنگ کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹوں کو گنتی کرکے حتمی نتائج میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔الیکشن کمیشن کے مطابق انٹرنیٹ کے ذریعے ڈالے گئے ووٹوں کی تفصیلات متعلقہ آر اوز کوبھجوا دی گئیں اور انہیں ووٹوں کو گنتی کرکے حتمی رزلٹ میں شامل کرنے کا کہا گیا ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب الیکشن کمیشن نے اوورسیز پاکستانیوں کے کاسٹ کیے گئے ووٹوں کی حلقہ وار تفصیلات بھی جاری کردی ہیں۔

این اے 103 فیصل آباد میں اوورسیز پاکستانیوں کے 65 ووٹ کاسٹ ہوئے۔اس حلقے سے پاکستان مسلم لیگ ن کے علی گوہر خان نے 77 ہزار 539 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی۔این اے 131 لاہور میں اوورسیز پاکستانیوں کے 991 ووٹ کاسٹ ہوئے۔اس حلقے سے مسلم لیگ (ن )کے خواجہ سعد رفیق 60 ہزار 476 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے۔این اے 243 کراچی میں اوورسیزپاکستانیوں کے ایک ہزار 112 ووٹ کاسٹ ہوئے۔

اس حلقے سے پاکستان تحریک انصاف کے عالمگیر خان 37 ہزار 35 ووٹ لے کر جیتے۔این اے 35 بنوں میں اوورسیز پاکستانیوں کے 281 ووٹ کاسٹ ہوئے۔اس حلقے سے متحدہ مجلس عمل کے زاہد اکرم درانی 60 ہزار 944 ووت لے کر کامیاب ہوئے۔این اے 53 اسلام آباد میں اوورسیز پاکستانیوں کے 523 ووٹ کاسٹ ہوئے۔اس حلقے سے پاکستان تحریک انصاف کے علی نواز اعوان 50 ہزار 943 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے۔

این اے 56 اٹک میں اوورسیز پاکستانیوں کے 202 ووٹ کاسٹ ہوئے۔اس حلقے سے پاکستان تحریک انصاف کے ملک خرم علی خان 86 ہزار 906 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے۔این اے 60 راولپنڈی میں اوورسیز پاکستانیوں کے 460 ووٹ کاسٹ ہوئے۔اس حلقے سے پاکستان تحریک انصاف کے شیخ راشد شفیق 44 ہزار 483 ووٹ لے کر جیتے۔این اے 63 راولپنڈی میں اوورسیز پاکستانیوں کے 265 ووٹ کاسٹ ہوئے۔

اس حلقے سے پی ٹی آئی کے منصور حیات خان 71 ہزار 782 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے۔این اے 65 چکوال میں اوورسیز پاکستانیوں کے 257 ووٹ کاسٹ ہوئے۔اس حلقے سے (ق) لیگ کے صدر چوہدری شجاعت حسین کے صاحبزادے چوہدری سالک حسین ایک لاکھ 917 ووٹ لے کر جیتے۔این اے 69گجرات میں اوورسیز پاکستانیوں کے 561 ووٹ کاسٹ ہوئے۔اس حلقے سے اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الٰہی کے صاحبزادے مونس الٰہی 65 ہزار 759 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے۔

الیکشن کمیشن نے لاہور سے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 124 پر اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹوں کی تفصیلات جاری نہیں کیں جبکہ اس حلقے سے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی 80 ہزار 789 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے ہیں۔الیکشن کمیشن کے مطابق 7364 رجسٹرڈ سمندر پار پاکستانیوں میں سے 6233 نے ووٹ ڈالا اور اس طرح آئی ووٹنگ کا ٹرن آوٹ 83.5 فیصد سے زائد رہا۔الیکشن کمیشن حکام کے مطابق قومی اسمبلی کی نشستوں کے لیے 5117 اور صوبائی اسمبلیوں کی نشستوں پر 1116 رجسٹرڈ اوورسیز پاکستانیوں نے ووٹ ڈالے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں