حلقہ ارباب ذوق اسلام آبادکے زیراہتمام منشا یاد کے افسانوں کے انتخاب ’’منشا یاد کے بے مثال افسانے‘‘ کی تقریب

منگل 16 اکتوبر 2018 14:31

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2018ء) حلقہ ارباب ذوق اسلام آبادکے زیراہتمام منشا یاد کے افسانوں کے انتخاب ’’منشا یاد کے بے مثال افسانے‘‘ کی تقریب اکادمی ادبیات کے مرکزی ہال میں منعقد ہوئی۔ افسانوں کے اس انتخاب کو ڈاکٹر امجد طفیل نے مرتب کیا ہے۔ پروفیسر فتح محمد ملک نے تقریب کی صدارت کی جبکہ ممتاز افسانہ نگار وقار بن الٰہی اور معروف ادیب و نقاد ڈاکٹر اقبال آفاقی تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔

دیگر مقررین میں محمد حمید شاہد، ڈاکٹر امجد طفیل، میر تنہا یوسفی، منشا یاد کے بڑے صاحبزادے فرخ جمیل، امتیاز قریشی اور عثمان عالم شامل تھے۔ 15 اکتوبر کو منشا یاد کی ساتویں برسی منائی گئی۔ تقریب میں مقررین نے منشا یاد کو پروقار انداز میں زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا اور ان کے ہمہ جہت فن اور شخصیت پر تفصیلی گفتگو کی۔

(جاری ہے)

مقررین کا کہنا تھا کہ منشا یاد نے اپنی زندگی ادب کی آبیاری کرتے گزاری، اسلام آباد میں ادبی فضا قائم کرنے میں ان کی انتھک کوششوں کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔

ادب کی سماجی زندگی اور حلقہ ارباب ذوق اسلام آباد کا قیام عمل میں لا کر انھوں نے اس پلیٹ فارم سے شہر بھر کے تمام ادبی فورمز اور تنظیموں کو اکٹھا کئے رکھا۔ مقررین نے کہا کہ اپنے فن کے ذریعے جس میں افسانہ، ناول، ٹی وی ڈرامے، مضامین، شخصی خاکے اور کتابوں کے دیباچے اور فلیپ شامل ہیں، انھوں نے بہت لکھا اور ادب کے توسط سے اپنی ثقافت، دیہی و شہری زندگی کے گوناں گوں مسائل، دکھوں، خوشیوں اور غموں کو ہنرکاری کے ساتھ اپنے فن کا حصہ بنایا۔ ادب کیلئے ان کی بے مثال خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ مقررین نے منشا یاد کی حلقہ اربابِ ذوق اسلام آباد کے لیے محبت، قربانیوں اور اس فورم سے فروغِ ادب کیلئے ان کی جدوجہد کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں