مراکش پاکستان کے ساتھ تجارتی اور اقتصادی شعبوں میں دو طرفہ تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کا خواہاں ہے، پاکستانی سفیر

منگل 16 اکتوبر 2018 17:56

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2018ء) پاکستان میں مراکش کے سفیر محمد کرمون نے کہا ہے کہ مراکش پاکستان کے ساتھ تجارتی اور اقتصادی شعبوں میں دو طرفہ تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کا خواہاں ہے۔ یہ بات انہوں نے منگل کو یہاں وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف بیرسٹر ڈاکٹر محمد فروغ نسیم سے ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کہی۔

سفیر نے کہا کہ پاکستان مراکش کے ساتھ 1952ء سے شانہ بشانہ کھڑا ہے اور اس وقت سے دونوں ملکوں کے درمیان برادرانہ تعلقات میں مثبت اور خوشگوار پیشرفت جاری ہے۔ انہوں اس خواہش کا اظہار کیا کہ پاکستان اور مراکش کے درمیان تجارتی اور اقتصادی شعبوں میں تعلقات کو بلندیوں کی نئی سطح تک پہنچانے کیلئے کوششیں جاری رکھیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے مابین مشترکہ عقیدے کے رشتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ہم ثقافتی تجربات کا تبادلہ کر سکتے ہیں۔

سفیر نے کہا کہ مراکش نے پاکستانی طالب علموں کو وظائف کی پیشکش کی ہے، اس کے علاوہ فرانسیسی زبان سیکھنے والے پاکستانی طالب علموں کی بھی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ وفاقی وزیر نے اس موقع پر پاکستانی تاجروں اور کاروباری افراد کو مراکش کے ویزوں کے حصول میں مشکلات کا معاملہ اٹھایا۔ مراکش کے سفیر نے کہا کہ پاکستانی تاجروں کا خیر مقدم کیا جائے گا اور اس سلسلے میں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں