شہیدِ ملت خان لیاقت علی خان نے سیاست سے دولت کمائی نہیں، سیاست پر لٹائی ہے

ڈاکٹر شاہد اقبال کامران کا نظریہ پاکستان کونسل کے ماہانہ فکری و ادبی پروگرام میں اظہار خیال

بدھ 17 اکتوبر 2018 16:34

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2018ء) شہیدِ ملت خان لیاقت علی خان نے سیاست سے دولت کمائی نہیں، سیاست پر لٹائی ہے۔ تاریخ گواہ ہے کہ انہوں نے اپنی موروثی جاگیریں بھی تحریکِ پاکستان کی نذر کر دیں۔وہ 1926ء سے 1940ء تک برصغیرکی پارلیمانی سیاست کے سب سے بڑے ماہر اور قیامِ پاکستان کے بعد قومی تاریخ کا سب سے زیرک کردار رہے۔

ان خیالات کا اظہار معروف ماہرِ اقبالیات و پاکستانی ادب ڈاکٹر شاہد اقبال کامران نے نظریہ پاکستان کونسل کے ماہانہ فکری و ادبی پروگرام نقطہ نظر میں شہید ملت خان لیاقت علی خان کی برسی کے موقع پر منعقدہ خصوصی تقریب میں مہمان مقرر کے طور پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے آج ہم ادارے نہیں سیاستدان بنانے پر توجہ دے رہے ہیں جبکہ تحریکِ پاکستان کی کامیابی اس اصول میں مضمر تھی کہ سیاستدان نہیں بلکہ ادارے تشکیل دیئے جائیں جو قومی سطح پر رہنمائی کا فریضہ انجام دیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قیامِ پاکستان کی جدوجہد مصورِپاکستان علامہ اقبال کے فکر اور قائداعظم اور لیاقت علی خان جیسے مخلص رہنمائوں کے آہنی عزم و ارادہ کی آئینہ دار تھی، جسے قدرت نے ان رہنمائوں کے اخلاصِ عمل کے انعام میں کامرانی سے ہمکنار کیا۔ لیکن بعد میں پاکستانی سیاست نے جو رنگ اختیار کیا ، ہماری موجودہ فلاکت اور عدمِ استحکام اِسی کا شاخسانہ ہے۔

آج بھی ملک کو عالمی سطح پر باوقار اور داخلی طور پرمضبوط و مستحکم کرنے کے لئے ہمیں اپنے انہی قائدین کے نقوشِ قدم پر چلنا ہوگا۔ متذکرہ تقریب میں کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر نعیم غنی، سینئر وائس چیئرمین میاں محمد جاوید، معروف تجزیہ نگار کنور محمد دلشاد اور تقریب کے میزبان انجم خلیق نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے شہیدِ ملت کی بے لوث قومی و ملی خدمات ، بے مثال ایثار و قربانی اور آزادی کے بعد استحکامِ پاکستان کے لئے بہت مختصر وقت میں تاریخی اور دیر پا قومی پالیسیاں ترتیب دینے پر شہیدِ ملت کو زبردست الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں