مشرق وسطیٰ کے ممالک خصوصاً کویت کو تربیت یافتہ افرادی قوت کی فراہمی کے لئے معاہدے کئے جارہے ہیں

ڈائریکٹر جنرل نیوٹیک نعیم صدیقی کا تقریب سے خطاب

بدھ 17 اکتوبر 2018 16:56

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2018ء) ڈائریکٹر جنرل قومی کمیشن برائے پیشہ وارانہ و تکنیکی تربیت (نیوٹیک) نعیم صدیقی نے کہا ہے کہ نوجوانوں کوبہترین فنی مہارت کی فراہمی سے باعزت روزگار کی فراہمی میں بھر پور کردار ادا کررہے ہیں،مشرق وسطیٰ کے ممالک کو تربیت یافتہ افرادی قوت کی فراہمی کے لئے معاہدے کئے جارہے ہیں جس سے ہمارے نوجوانوں کو روزگار جبکہ ملک کو قیمتی زرمبادلہ میسرہو سکے گا۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے سرٹیفکیٹس اور ٹول کٹس کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر بیوٹیشن کورس اور فیشن ڈیزائیننگ کاتربیتی کورس مکمل کرنے والی 50 طالبات کو سرٹیفکیٹس اور نیوٹک کی جانب سے مفت ٹول کٹس فراہم کی گئی ۔ تقریب میں ڈی جی نیو ٹیک کے علاوہ آفیسر انچارج ڈپٹی ڈائریکٹر عصمت آفریدی، کورس مکمل کرنے والی طالبات اور اساتذہ نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

اپنے خطاب میں ڈی جی نیوٹیک نے کہا کہ ملک میں نوجوانو کو بہتر روزگار کے لئے حکومتی ہدایت پرمختلف شعبہ جات میں تربیتی کورسز کرائے جارہے ہیں جبکہ اس دوران شرکاء کو ماہانہ اعزازیہ کے ساتھ ساتھ ضرورت کے حساب سے بعض طالبات کے لئے ہاسٹل کی سہولت بھی دی گئی ۔انہوں نے کہاکہ مڈل ایسٹ بالخصوص کویت میں پاکستان کی تربیت یافتہ افرادی قوت فراہم کرنے کے لئے بات چل رہی ہے جس سے بہت سے نوجوانوں کو باعزت روزگار کے ساتھ ساتھ پاکستان کو قیمتی زرمبادلہ بھی میسر آسکے گا۔

انہوں نے پروگرام کے بہترین انعقاد پر مرکز برائے ترقی خواتین کی انتظامیہ بالخصوص ڈپٹی ڈائریکٹر عصمت آفریدی کا شکریہ ادا کیا اور کہاکہ ادارے کے بھر پور تعاون سے تربیتی کورسز کی بروقت اور بہتر تکمیل کی جاتی ہے جو اس ادارے کا طرہ امتیاز ہے۔ اس موقع پر عصمت آفریدی نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور بتایاکہ ان کاادارہ اہل علاقہ کی خواتین کو باعزت روزگار کے لئے بہترین تربیتی سہولیات فراہم کررہا ہے اور اس حوالے سے وزارت تعلیم، سماجی بہبود کے افسران اور نیوٹیک کے بھرپور تعاون پر ان کے مشکور ہیں۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں