منتخب وزراء اعظم کو نااہل قرار دیا اور جیلوں میں ڈالا جاتا رہا تو اقتصادی بحران پیدا ہوں گے

متحدہ مجلس عمل کے رکن قومی اسمبلی مولانا اسعد محمود کا قومی اسمبلی میں اظہار خیال

بدھ 17 اکتوبر 2018 17:33

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2018ء) متحدہ مجلس عمل کے رکن قومی اسمبلی مولانا اسعد محمود نے کہا ہے کہ اگر پاکستان کے منتخب وزراء اعظم کو نااہل قرار دیا اور جیلوں میں ڈالا جاتا رہا تو اقتصادی بحران پیدا ہوں گے‘ حکومت اصلاحات لائے اور ملکی معیشت کی نموکے راستے میں حائل رکاوٹیں دور کرے۔ بدھ کو قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے ایم ایم اے کے رکن اسعد محمود نے کہا کہ حالیہ ضمنی انتخابات میں عوام نے حکومت کی معاشی پالیسیوں پر عدم اعتماد کیا ہے۔

25 جولائی کے انتخابات میں دھاندلی کی تحقیقات کے لئے بنائی گئی کمیٹی کو کام کرنے دیا جائے‘ جب تک اس کی حتمی رپورٹ سامنے نہیں آتی کوئی الیکشن کی شفافیت کی بات نہ کرے۔ حکومت عوام کے لئے معاشی پالیسی دے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کرپشن کے نام پر جمہوری حکومتوں کو ہٹانے کا سلسلہ آج تک جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے منتخب وزراء اعظم کو نااہل قرار دیا گیا اور جیلوں میں ڈالا گیا۔

یہ سلسلہ ہوگا تو اقتصادی بحران پیدا ہوں گے۔ حکومت اصلاحات لائے‘ ملک کی معاشی صورتحال بہتر بنانے کے لئے اقدامات کرے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں مہنگائی کی گئی ہے۔ گزشتہ بجٹ میں سے سینکڑوں منصوبے ختم کردیئے گئے۔ کے پی کے میں گزشتہ دور میں ایک یونیورسٹی اور میڈیکل کالج نہیں بنایا۔ میرے حلقے میں ایک ویمن یونیورسٹی اور میڈیکل کالج بنا۔

اسعد محمود نے کہا کہ وزراء جو جملے استعمال کر رہے ہیں اس سے نہ معیشت ٹھیک ہو سکتی ہے نہ بحرانوں سے ملک نکل سکتا ہے۔ یہ عوام کے لئے تفریح کا باعث ہو سکتے ہیں۔ تحریک انصاف نے جن چار حلقوں کو کھولنے کی بات کرکے 100 دن سے زائد دھرنا دیا وہ حلقے آج بھی اپوزیشن کے پاس ہیں۔قرض نہ لینے کی بات کرکے پھر قرض لئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اس ایوان کو مضبوط کرنا چاہیے۔

اس سے مقدس کوئی ادارہ نہیں۔ اپوزیشن جماعتیں جمہوری اصولوں کی پاسداری کریں‘ حکومت اپنی اصلاح کرے۔سیاسی کارکنوں اور رہنمائوں پر دبائو ڈالا جارہا ہے ان کو جیلوں میں ڈالا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خدارا اس ملک کے لئے سوچیں‘ عوام کے لئے سوچیں‘ ہم اپوزیشن کے ساتھ مل کر عوامی حقوق کا تحفظ کریں گے‘ حکومت نے جو بجٹ پیش کیا اس میں بھاشا ڈیم کے لئے کوئی رقم نہیں مختص کی گئی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں