پاکستان اور امریکہ بچوں میں جگر کے کینسر اور اٴْن کی نشوونما میں رکاوٹ کا سبب بننے والے زہریلے فنگس کے خاتمہ کے لئے دو طرفہ تعاون کو فروغ دینگے

بدھ 17 اکتوبر 2018 19:55

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2018ء) پاکستان اور امریکہ بچوں میں جگر کے کینسر اور اٴْن کی نشوونما میں رکاوٹ کا سبب بننے والے ایک زہریلے فنگس کے خاتمہ کے لئے دو طرفہ تعاون کو فروغ دینگے۔ اس مشترکہ منصوبہ کے مقاصد میں بیماریوں سے پاک خوراک فراہم کر کے پاکستانی شہریوں کی غذا اور صحت کی دیکھ بھال کرنا بھی شامل ہے۔

اس بات کا اعلان بدھ کو یہاں پاکستان اور امریکہ سے تعلق رکھنے والے محققین، سرکاری محکموں اور نجی تجارتی اداروں نے ایک تقریب میں کیا جبکہ پاکستان میں امریکہ کے نائب سفیر جان ہوور نے منصوبہ کا افتتاح کیا۔اس موقع پر انہوں نے منصوبہ پر کام کرنے والے اشتراک کاروں کو مبارکباد دیتے ہوئے زرعی شعبہ میں جاری پاک امریکہ تعاون کی طویل تاریخ پر روشنی ڈالی۔

(جاری ہے)

’’ایفلا ٹاکسن‘‘ کے خاتمہ کے لئے کی جانے والی کوششوں کے اثرات کے بارے میں اٴْنہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ ہزاروں پاکستانیوں کی تندرستی اور روزگار میں بہتری لائے گا اور اس سے پاکستانی اشیاء کی برآمدی قدر میں اضافہ سے معاشی ترقی بھی ہوگی۔امریکی محکمہ زراعت ( یو ایس ڈی اے ) کے اہلکارپاکستانی کمپنی رفحان میز پراڈکٹس کے ساتھ تعاون سے فنگس ’’ایفلا ٹاکسن‘‘ کے خاتمہ کے منصوبہ پر کام کر رہا ہے، جو قدرتی طور پر فصلوں میں پیدا ہوجاتا ہے۔اس منصوبہ کے تحت کھیتوں سے ’’ایفلا ٹاکسن‘‘ کو ختم کرنے کیلئے امریکی محکمہ زراعت کی فراہم کردہ جدیدٹیکنالوجی استعمال کی جائے گی ،جہاں یہ پوری فصل کے لگ بھگ 25 فی صدحصے کو متاثر کرتا ہے۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں