پاکستان میں جاپانی سٹیک ہولڈرز کیلئے کاروبار کے شاندار مواقع ہیں اور جاپان ان دستیاب نئے مواقع سے بہتر استفادہ کر سکتا ہے

پاکستان کے سفیر ڈاکٹر اسد ایم خان کا ’’پاکستان میں سرمایہ کاری اور تجارت کے تیزی سے ابھرتے ہوئے مواقع‘‘ کے موضوع پر سیمینار سے خطاب

بدھ 17 اکتوبر 2018 21:13

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2018ء) جاپان میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر اسد ایم خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں جاپانی سٹیک ہولڈرز کیلئے کاروبار کے شاندار مواقع ہیں اور جاپان دستیاب نئے مواقع سے بہتر استفادہ کر سکتا ہے۔ یہ بات انہوں نے بدھ کو جاپان کے شہر ناگویا میں ’’پاکستان میں سرمایہ کاری اور تجارت کے تیزی سے ابھرتے ہوئے مواقع‘‘ کے موضوع پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

سیمینار کا اہتمام پاکستانی سفارتخانہ، جاپان ایکسٹرنل ٹریڈ آرگنائزیشن (جے ای ٹی آر او) اور ایم یو ایف جی بینک کے اشتراک سے کیا گیا تھا۔ سفیر نے کہا کہ پاکستان کی جغرافیائی۔سٹریٹجک لوکیشن، دنیا کی پانچویں بڑی آبادی، کم پیداواری اخراجات، قدرتی وسائل کی فراوانی اور انوسٹمنٹ مراعاتی پیکیج اور دیگر و بنیادی وجوہات ہیں جو جاپانی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے پر راغب کر سکتی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں کے باعث اس وقت پاکستان میں جاپان کی 86 بڑی کمپنیاں کام کر رہی ہیں۔ جے ای ٹی آر او نے اپنے سالانہ رپورٹ 2017ء میں کاروباری مواقع کے لحاظ سے پاکستان کو نمبر ون قرار دیا تھا۔ سفیر نے مزید کہا کہ سیکورٹی صورتحال میں بہتری کی وجہ سے بھی غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ ہوا ہے۔ ڈاکٹر اسد نے موجودہ حکومت کے اقتصادی ایجنڈے کو اجاگر کیا۔ جے ای ٹی آر او اور ایم یو ایف جی بینک کے نمائندوں نے بھی اس موقع پر پاکستانی معیشت کے بارے میں مثبت رجحانات اور پرکشش سرمایہ کاری مواقع کے حوالہ سے تفصیلی پریزنٹیشن دی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں