ملک کے پسماندہ طبقات کی بحالی اور ان کی زندگیوں میں خوشگوار تبدیلی لانے کے جذبے کے ساتھ پاکستان بیت المال میں آیا ہوں،

ادارے کو بہتر اور فعال بنانے کی جو اہم ذمہ داری سونپی ہے اسے اپنا مذہبی اور قومی فریضہ سمجھ کر ادا کروں گا ایم ڈی بیت المال عون عباس بپی کی ادارے کے ملازمین کے ساتھ گفتگو

جمعرات 18 اکتوبر 2018 19:42

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اکتوبر2018ء) پاکستان بیت المال کے منیجنگ ڈائریکٹر عون عباس بپی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے پاکستان بیت المال جیسے ملک گیر فلاحی ادارے کو بہتر اور فعال بنانے کی جو اہم ذمہ داری سونپی ہے اسے اپنا مذہبی اور قومی فریضہ سمجھ کر ادا کروں گا ۔ پاکستان بیت المال کی طرف سے جمعرات کو جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار انھوں نے محکمہ کے ملازمیں کے ساتھ تعارفی اجلاس کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

پاکستان بیت المال کے مینیجنگ ڈائریکٹر نے کہا کہ ملک کے پسماندہ طبقات کی بحالی اور ان کی زندگیوں میں خوشگوار تبدیلی لانے کے جذبے کے ساتھ پاکستان بیت المال میں آیا ہوں۔انھوں نے کہاکہ وزیر اعظم عمران خان پاکستان بیت المال جیسے ملک گیر فلاحی ادارے کو فعال بنانے کے لئے پر عزم ہیں اور انھوں نے مجھے یہ ذمہ داری سونپی ہے ۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہاکہ اپنی تمام تر صلاحیتیں اور کاوشیں بروئے کار لاتے ہوئے اپنے قائد عمران خان کے اعتماد پر پورا اترنے کے لیے دن رات ایک کر دوں گا۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت ملک کے غریب افراد کا معیار زندگی بلند کرنے کی جدو جہد میں مصروف عمل ہے اور اس عظیم جدوجہد میں پاکستان بیت المال کے کردار کو مثالی بنانے کے لیے پر عزم ہوں۔ عون عباس بپّی نے ملازمین کے تمام حل طلب مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی اور اس امید کا اظہار کیا کہ ادارے کے ملازمین اور افسران ملک سے غربت کے خاتمے کے لیے میرے سا تھ مل کردن رات محنت کریں گے ۔

انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ عنقریب سماجی تحفظ کے میدان میں پاکستان بیت المال کا شمار دنیا کے بہترین اورمعتبر اداروں میں ہوگا۔انھوں نے حکومت کی کلین اینڈ گرین پاکستان سکیم کے تحت ایف ۔نائن پارک میں پودا لگایا اور بعد ازاں بیت المال کے تحت چلنے والے پاکستان سویٹ ہوم کا بھی دورہ کیا اور یہاں قیام پذیر یتیم بچوں کے ساتھ گھل مل گئے اور دوپہر کا کھانا ان کے ساتھ کھایا۔ یاد رہے کہ عون عباس بپی نے منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال کا عہدہ اعزازی طور پر قبول کیا ہے اورانہوں نے ادارے سے کسی قسم کی مراعات نہ لینے کا اعلان بھی کیا ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں