خواتین کی ضمنی انتخابات میں فعال شرکت انہیں بااختیار بنانے کے عزم کا اظہار ہے، پارلیمانی سیکرٹری کنول شاہزیب

جمعرات 18 اکتوبر 2018 20:41

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اکتوبر2018ء) پارلیمانی سیکرٹری برائے منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات کنول شاہزیب نے کہا ہے کہ خواتین کی ضمنی انتخابات میں فعال شرکت انہیں بااختیار بنانے کی جانب عزم کا اظہار ہے۔ جمعرات کو ’’اے پی پی‘‘ سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خواتین زندگی کے تمام شعبوں میں فعال شرکت کی اہمیت کے بارے میں شعور رکھتی ہیں۔

ووٹ کے حق کا استعمال خواتین کی مضبوطی کی جانب انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو تمام مثبت سرگرمیوں میں زیادہ شعور کا حامل ہونا چاہئے جو ان کی زندگی میں ترقی کو ممکن بنائے گا۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کی ضمنی انتخاب میں دلچسپی کم ہوتی ہے لیکن اب خواتین نے قومی و صوبائی اسمبلیوں کے 35 حلقوں کے انتخاب میں بھرپور طریقے سے ووٹ کا حق استعمال کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دو حلقوں کے علاوہ خواتین کا ٹرن آئوٹ 10 فیصد رہا جس سے ان کی قومی معاملات میں دلچسپی کا اظہار ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ زیادہ تر حلقوں میں خواتین کی شرکت توقع سے زائد رہی جبکہ چند حلقوں میں خواتین کو درپیش مشکلات کے باعث خواتین کی کم دلچسپی کی وجہ سے ٹرن آئوٹ کم رہا۔ مساوی مواقع کے بارے میں انہوں نے کہا کہ یہ جمہوریت کا حسن ہے کہ زندگی کے تمام شعبوں اور جمہوری نظام میں خواتین اور مردوں کو مساوی حقوق حاصل ہوں۔ انہوں نے کہا کہ تمام اہم فورمز میں خواتین کی شرکت انتہائی ضروری ہے تاکہ وہ تمام شعبوں میں مردوں کا مقابلہ کر سکیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں