اسلام آباد ہائیکورٹ نے جنرل (ر) اسد درانی کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کے خلاف دائر درخواست پر سماعت 3دسمبر تک ملتوی کر دی

جمعرات 18 اکتوبر 2018 22:11

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اکتوبر2018ء) اسلام آباد ہائیکورٹ نے جنرل (ر) اسد درانی کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کے خلاف دائر درخواست پر سماعت 3دسمبر تک ملتوی کر دی ۔جمعرات کو جسٹس محسن اختر کیانی نے سماعت کی۔ اس موقع پر جنرل(ر) اسد درانی کی جانب سے عمر آدم ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے جبکہ وزارت داخلہ کی جانب سے محمد ندیم اختر نے رپورٹ پیش کی۔

سماعت کے دوران وزارت دفاع کی جانب سے بریگیڈیئر فلک ناز عدالت میں پیش ہوئے اور موقف اختیار کیا کہ جنرل(ر) اسد درانی پر بھارتی خفیہ ایجنسی را کے سابق چیف کے ساتھ مل کر کتاب لکھنے کا الزام ہے،آفیشل سیکریٹ ایکٹ کے تحت اسد درانی ملزم ہیں۔ عدالت نے وزارت دفاع کے آفیسر سے استفسار کیا کہ آپ کی انکوائری کب تک ختم ہو گی ۔

(جاری ہے)

وزارت دفاع کے نمائندے نے بتایا کہ جی ایچ کیو اس معاملے میں انکوائری کر رہا ہے۔

اسد درانی کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ کوئی انکوائری اسد درانی کے خلاف زیر سماعت نہیں ہے،انکوئری کے لئے جی ایچ کیو نے کوئی نوٹس نہیں کیا، سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق زیر سماعت مقدمات پر ملزم کا نام ای سی ایل میں نہیں ڈالا جا سکتا، اسد درانی اپنی اہلیہ کے ساتھ بیرون ملک اپنے فیملی ممبرز سے ملنے کے لیے جانا چاہتے ہیں۔ جنرل (ر)اسد درانی کی متنازع کتاب مارکیٹ میں آنے کے بعد ان کا نام وزارت داخلہ کی جانب سے ای سی ایل میں شامل کیا گیا تھا۔عدالت نے جی ایچ کیو سے رپورٹ آنے تک کیس کی سماعت 3دسمبر تک ملتوی کر دی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں