نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے ایبٹ آباد آفس میں گاڑیوں کی نیلامی (کل) ہو گی

جمعرات 18 اکتوبر 2018 22:20

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اکتوبر2018ء) نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ ای) کے ایبٹ آباد آفس میں گاڑیوں کی نیلامی (کل) جمعہ کو ہو گی۔ قبل ازیں این ایچ اے کے مرکزی دفتر اسلام آباد اور علاقائی دفتر پشاور میں گاڑیاں نیلام کی جا چکی ہیں۔ این ایچ اے کے مطابق نیشنل ہائی وے اتھارٹی وزیر مملکت برائے مواصلات مراد سعید کی خصوصی ہدایت پر 75روزہ ایکشن پلان کے تحت اپنے نیٹ ورک کے رائٹ آف وے سے تجاوزات کو ختم کرنے کی مہم کو مؤثر طریقے سے آگے بڑھا رہا ہے جبکہ سڑکوں کے ساتھ شجرکاری کیلئے بھی جامع پروگرام پر عملدرآمد جاری ہے۔

نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے نیٹ ورک سے خودرو گھاس کے تدارک اور خاتمہ کا کا م بھی تیزی سے پایہ تکمیل کو پہنچ رہا ہے۔

(جاری ہے)

ان اقدامات کا مقصد ماحول دوست شاہرات کی فراہمی اور ان کی خوبصورتی میں اضافہ کرنا ہے۔ تفصیلات کے مطابق این ایچ اے نے اس سے قبل 83.2 ملین مالیت کی 77 گاڑیوں کی نیلامی کی ہے۔ این ایچ اے کے پشاور آفس میں 20.3 ملین روپے کی 15 گاڑیاں جبکہ ہیڈ آفس میں 62.9 ملین روپے کی 62 گاڑیوں کی نیلامی کی گئی ہے۔ مجموعی طور پر این ایچ اے میں 219 گاڑیوں کی نیلامی کی جائے گی جن میں 42 لگژری گاڑیاں بھی شامل ہیں۔ لاہور میں گاڑیوں کی نیلامی 22 اکتوبر، ملتان 24 اکتوبر، سکھر 26 اکتوبر، کراچی 29 اکتوبر، کوئٹہ 31 اکتوبر جبکہ گلگت میں گاڑیوں کی نیلامی 5 نومبر کو ہو گی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں