ملازمت کیلئے قطر جانے کے خواہشمندوں کے لئے خصوصی سہولت مرکز قائم کیا جا رہا ہے اس سے بیرون ملک افرادی قوت کو تقویت ملے گی اور آجر کی طرف سے استحصال کو کم کرنے میں بھی مدد ملے گی

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز سید ذوالفقار بخاری کی ’’اے پی پی‘‘ سے بات چیت

جمعرات 18 اکتوبر 2018 22:29

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اکتوبر2018ء) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز سید ذوالفقار بخاری نے کہا ہے کہ غیر ملکی ملازمت کی منزل کے اعتبار سے قطر جانے کے خواہشمندوں کے لئے خصوصی سہولت مرکز قائم کیا جا رہا ہے جس سے بیرون ملک افرادی قوت کو تقویت ملے گی اور آجر کی طرف سے استحصال کو کم کرنے میں بھی مدد ملے گی۔

گزشتہ روز ’’اے پی پی‘‘ سے بات چیت کرتے ہوئے سید ذوالفقار بخاری نے کہا کہ تارکین وطن کے لئے خصوصی سہولت مرکز کے قیام سے پاکستانی ورکرز کو ویزے کے حصول میں بھی آسانی پیدا کی جائے گی اور ان کے قطر میں قانونی حقوق اور تحفظ کو بھی یقینی بنایا جا سکے گا۔ اس کے علاوہ ترسیلات زر کی قانونی طریقوں سے منتقلی کے لئے بھی اقدامات بروئے کار لائے جائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قطر کی حکومت نے اس سلسلے میں سہولت مراکز کے قیام کے لئے اقدامات اٹھائے ہیں۔ سید ذوالفقار بخاری نے کہا کہ پاکستانی افرادی قوت کے لئے قطر میں ملازمتوں کے مواقع میں اضافے کے لئے بات چیت کی جا رہی ہے جس سے قومی معیشت کو سہارا ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ قطر کی حکومت پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کا خواہاں ہے اور اس کا واضح ثبوت یہ ہے کہ قطر نے افرادی قوت کی سہولت کے لئے قطر ویزہ سینٹر کے قیام کے لئے 8 ممالک میں سے پاکستان کا انتخاب کیا ہے، پہلے مرحلے میں ان آٹھ ممالک میں ویزہ سہولت سینٹر قائم کئے جائیں گے تاکہ متعلقہ ممالک کے کارکنوں کو سہولت دی جا سکے اور ویزے کے عمل کو آسان بنایا جا سکے اور آجر اور اجیر کے درمیان رابطہ ممکن ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی تارکین وطن کے لئے قائم کئے جانے والے سہولت مراکز کے قیام سے تارکین وطن کو درپیش مشکلات اور ان کے آجروں کے ساتھ معاہدوں کی شرائط کو آسان بنانے میں بھی مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں قطر کے سفیر کے ساتھ ملاقات کا بھی حوالہ کیا اور کہا کہ قطری سفیر پاکستان پر بھرپور اعتماد کا اظہار کر رہے ہیں اور انہوں نے مثبت جذبات کا اظہار کیا ہے تاکہ پاکستانی افرادی قوت کے لئے ملازمتوں کے مواقع میں اضافہ کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ایک لاکھ 15 ہزار پاکستانی قطر میں اپنے کام کر رہے ہیں جبکہ مزید ایک لاکھ ملازمتوں کے مواقع کا حال ہی میں اعلان کیا گیا ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں