وزیراعظم عمران خان سعودی شاہ کی خصوصی دعوت پر 23اکتوبر کو ریاض کا دورہ کریں گے ‘ ’’فیوچر انویسٹمنٹ انیشیئٹو (ایف آئی آئی) کانفرنس میں شرکت کریں گے

جمعہ 19 اکتوبر 2018 22:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 اکتوبر2018ء) وزیراعظم عمران خان 23 اکتوبر کو شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی خصوصی دعوت پر ریاض کا دورہ کریں گے جہاں وہ 23 تا 25 اکتوبر منعقد ہونے والی ’’فیوچر انویسٹمنٹ انیشیئٹو (ایف آئی آئی) کانفرنس میں شرکت کریں گے۔ کانفرنس میں سرکردہ کاروباری شخصیات‘ سرمایہ کار‘ کارپوریٹ کمپنیاں‘ اعلیٰ ٹیکنالوجی انڈسٹری کے نمائندے اور بڑے میڈیا ادارے ایک پلیٹ فارم پر جمع ہوں گے وزیراعظم عمران خان کانفرنس کے پہلے روز شرکت کریں گے جس کامقصد پاکستان کی اقتصادی و سرمایہ کاری صلاحیت کو اجاگر کرنا ہے اور آنے والے پانچ سالوں میں وزیراعظم کے ملک کیلئے وژن سے متعلق عالمی دنیا کو آگاہ کرنا ہے کانفرنس کے موقع پر پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھنے والے اہم کاروباری رہنمائوں کے ساتھ ملاقات کا موقع بھی میسر آئے گا۔

(جاری ہے)

وزیراعظم شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان کے ساتھ بھی ملاقاتیں کریں گے اور باہمی دلچسپی کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ ’’فیوچر انویسٹمنٹ انیشیئٹو (ایف آئی آئی) کانفرنس سعودی عرب میں ہونے والا سالانہ ایونٹ ہے اس کانفرنس کا گزشتہ سال پہلی مرتبہ انعقاد ہوا تھا جس میں نوے ممالک کے 3800 افراد نے شرکت کی تھی اس سال بھی کانفرنس میں بڑی تعداد میں سرکردہ شخصیات کی شرکت متوقع ہے وزیراعظم عمران خان کی کانفرنس میں شرکت عالمی کاروباری و سرمایہ کاری کا ابھرتا ہوا مرکز بننے کیلئے سعودی عرب کی کوششوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کا نمایاں پہلو ہوگا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں