ملک کی افرادی قوت کی استعداد کار اور انہیں ہنر مند بنائے بغیر ملک ترقی نہیں کر سکتا،

حکومت اور نجی شعبہ کے اشتراک کے ذریعے اس خلاء کو پُر کیا جا سکتا ہے پیشہ وارانہ و تکنیکی تربیت کے ماہرین کا غیر سرکاری تنظیم مسلم ہینڈز کے زیر اہتمام سیمینار سے خطاب

پیر 22 اکتوبر 2018 17:27

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اکتوبر2018ء) پیشہ وارانہ و تکنیکی تربیت کے ماہرین نے اس بات پر زور دیا ہے کہ ملک کی افرادی قوت کی استعداد کار اور انہیں ہنر مند بنائے بغیر ملک ترقی نہیں کر سکتا، حکومت اور نجی شعبہ کے اشتراک کے ذریعے اس خلاء کو پُر کیا جا سکتا ہے۔ پیر کو یہاں غیر سرکاری تنظیم مسلم ہینڈز کے زیر اہتمام سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے نیوٹیک، ٹیوٹ، او جی ڈی سی ایل، پاکستان کے چاروں صوبوں اور آزاد کشمیر سے سیمینار کے شرکاء نے اظہار خیال کیا اور بتایا کہ سیمینار کا مقصد ہزاریہ ترقیاتی اہداف کے حصول کے لئے نوجوان نسل کی مختلف شعبوں میں استعداد کار میں اضافہ ہے اور انہیں ہنرمندی کی بہتر تربیت کے لئے نجی و سرکاری شعبہ کے درمیان خلاء کو پُر کرنا ہے۔

(جاری ہے)

مقررین کا کہنا تھا کہ مختلف شعبوں میں ملک کی50 فیصد سے زائد نوجوان نسل کو تکنیکی تربیت دیئے بغیر ایس ڈی جیز کا حصول ممکن نہیں ہو گا، گورننس ملک کا سب سے بڑا مسئلہ ہے، گورننس کو بہتر بنائے بغیر یہ سنگ میل طے کرنا انتہائی مشکل ہے، ہنرمندی کی تربیت کے لئے اساتذہ اور طلباء کو تربیت فراہم کرنے کیلئے ایک جامع پروگرام بنانے کی ضرورت ہے۔

پیشہ ورانہ و تکنیکی تربیت کو نصاب تعلیم میں شامل کرنا ہوگا۔ دنیا کے بہت سے ترقی یافتہ ممالک میں یہ شعبہ پرائمری سطح کے نصاب تعلیم میں شامل ہے۔ پاکستان کو بھی اس کی تقلید کرنی چاہئے۔ مسلم ہینڈز کے چیئرمین سید لخت حسنین نے کہا کہ ملک کی افرادی قوت کی بہتری کے بغیر پاکستان ترقی نہیں کر سکتا۔ ہماری تنظیم دنیا کے 50 ممالک میں خدمات سرانجام دے رہی ہے۔

ہم نے دنیا پر یہ باور کرایا ہے کہ پاکستان 35 سالوں سے حالت جنگ میں ہے، ہمیں امداد نہیں چاہئے، امن چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے الله کی خوشنودی کی خاطر 35 سال قبل مسلم ہینڈز جیسا فلاحی ادارہ قائم کیا، آج یہ تن آور درخت بن چکا ہے۔ اگر پرخلوص کوششیں کی جائیں تو حکومتی ادارے اور نجی شعبہ مل کر نوجوان نسل کو مختلف شعبوں میں ہنرمندی کی تربیت دے کر روزگار کے مواقع پیدا کر سکتے ہیں۔ تقریب کے آخر میں وفاقی وزیر مذہبی امور اور دیگر چیدہ چیدہ شخصیات کو ادارے کی طرف سے اعزازی شیلڈز بھی پیش کی گئیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں