عمران خان کے ویژن کے مطابق کشمیر اور گلگت بلتستان کے عوام سے رشتہ مضبوط بنانا ہے ، علی امین گنڈا پور

اقوام متحدہ کشمیریوں کو انکا بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ حق خود ارادیت دلوانے میں اپنا کر دار ادا کرے، وزیر امور کشمیر و گلگت بلتنستان

پیر 22 اکتوبر 2018 21:49

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 اکتوبر2018ء) وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان کے ویژن کے مطابق کشمیراور گلگت بلتستان کے عوام کے ساتھ رشتہ مزید مضبوط بنانا ہے ۔ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم کی پرزور مذمت کرتے ہیں اور اقوام متحدہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ کشمیریوں کو انکا بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ حق خود ارادیت دلوانے میں اپنا کر دار ادا کرے ۔

وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے قوم سے پہلے خطاب میں ہی مسئلہ کشمیر پر اپنے جاندار موقف کا اظہار کر دیا تھا جبکہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں اپنے خطاب کے دوران مسئلہ کشمیر کے حوالے سے اپنا موقف بھرپور انداز میں پیش کیا ۔

(جاری ہے)

نیا پاکستان ہائوسنگ پروگرام سے آزاد کشمیر کے ہزاروں لوگوں کو نہ صرف روزگار ملے گابلکہ معیشت بھی مستحکم ہوگی ۔

آزاد کشمیر میں سیاحت کو فروغ دینے کے لیے وفاقی حکومت بھر پور معاونت کرے گی آزاد کشمیر کے تمام ترقیاتی منصوبہ جات جماعتی وابستگی سے بالا تر ہو کر عوامی مفاد میں مکمل کریں گے۔ نیلم جہلم پراجیکٹ کے حوالے سے وزیر اعظم آزاد کشمیر کے ساتھ ملکر مسائل حل کریں گے اور اس منصوبہ سے پیدا ہونے والے مسائل کا حل نکالیں گے ۔ احتساب کا عمل ہمارے ایجنڈے میں شامل ہے عوام اس معاملہ میں ہمارا ساتھ دیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے دارالحکومت مظفرآباد میں پیر کے روز نیا پاکستان ہائوسنگ پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر ممبر اسمبلی عبدالماجد خان ، سابق وزیر خواجہ فاروق احمد ، سیکرٹری فزیکل پلاننگ و ہائوسنگ ادریس عباسی بھی موجود تھے۔وزیر امور کشمیر نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی ہدایت پر اس ہائوسنگ سکیم کے فیز ون میں آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان شامل ہیں جو ہماری حکومت کی کشمیریوں کے ساتھ وابستگی کا ثبوت ہے۔

انہوں نے کہا کہ جماعتی وابستگی سے بالا تر ہو کر آزاد کشمیر کے عوام کی فلاح وبہبود کے لیے آزاد کشمیر حکومت کے ساتھ ملکر کام کریں گے اور عوام کو صحت اور تعلیم کی بہترین سہولیات مہیاکریں گے ۔ آزاد کشمیر حکومت بھی عوامی فلاح وبہبود کے لیے وفاقی حکومت کا ساتھ دے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے گزشتہ 23سالوں سے عمران خان سے توقعات وابستہ کر رکھی ہیں جن پر پورا اتریں گے ۔

قوم کو ملکی حالات سے آگاہ کردیا ہے ملک اس وقت قرضوں کے بوجھ تلے دباہوا ہے ہم نے معیشت کی بہتری کے لیے احتساب کا عمل شروع کر رکھا ہے جس کی کامیابی کے لیے عوام کی مدد کی ضرورت ہے ۔ قومی دولت لوٹنے والوں کو کبھی معاف نہیں کریں گے ۔ وزیر امور کشمیر نے کہا کہ اس وقت مقبوضہ کشمیر میں ہماری مائیں ، بیٹیاں اور بہنیں اپنے پیدائشی حق ، حق خود ارادیت کے حصول کے لیے قربانیاں دے رہی ہیں ۔

بھارت نے اس وقت مقبوضہ کشمیر میں ظلم و بربریت کا بازار گرم کر رکھا ہے ۔ کیمیائی ہتھیاروں اور پیلٹ گن سے نہتے کشمیریوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے ۔ مسئلہ کشمیر کا اب تک حل نہ ہونا اقوام متحدہ کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ ہماری حکومت کا مسئلہ کشمیر پر واضح اور دو ٹوک موقف ہے ۔ وزیر اعظم پاکستان نے مسئلہ کشمیر پر مضبوط موقف اپنانے کی ہدایات کر رکھی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نیا پاکستان ہائوسنگ پروگرام سے 50لاکھ بے گھر لوگوں کا اپنا گھر ملے گا۔ اس پروگرام سے جہاں لوگوں کو روزگار ملے گا وہاں کاروبار بہتر ہوگا اور معیشت مضبوط ہوگی ۔ آزا د کشمیر اور گلگت بلتستان کی عوام کی ترقی کے لیے بھر پوراقدامات کر یں گے ۔ صدر آزاد کشمیر نے سیاحتی راہداری منصوبہ کے حوالہ سے آگاہ کیا۔ اس منصوبہ پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ عوام افواہوں پر توجہ نہ دیں آزاد کشمیر کا کوئی بھی ترقیاتی منصوبہ ادھورا نہیں چھوڑیں گے ۔ مظفرآباد، منگلا ، میرپور روڈ کو سی پیک میں شامل کیا گیا ہے ۔ آزاد کشمیر کو سی پیک سے بھرپور حصہ ملے گا۔ کشمیر کے حوالہ سے ہماری ٹھوس پالیسی ہے اس پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں گے ۔دریں اثناء وزیر امور کشمیر نے سابق صدر آزاد کشمیر کے ایچ خورشید کے مزار پر فاتحہ خوانی کی اور نیا پاکستان ہائوسنگ پروگرام کا افتتاح کیا اور اس پروگرام کی نادرا آن لائن سروس کا معائنہ کیا ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں