آغا شورش کاشمیری کی 43 ویں برسی پرسوں منائی جائے گی

منگل 23 اکتوبر 2018 14:09

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2018ء) نامور صحافی ، بلند پایہ خطیب اور عاشق رسولؐ آغا شورش کاشمیری کی 43 ویں برسی پرسوں جمعرات 25 اکتوبر کومنائی جائے گی۔ اس موقع پر مختلف شہروں میں خصوصی تعزیتی تقریبات کا انعقاد کیا جائیگا جن میں آغا شورش کاشمیری کی ملک و قوم کیلئے خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا جائیگا۔ اس موقع پر مختلف شہرو ںمیں قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی کی تقریبات بھی منعقد کی جائیں گی۔

آغا شورش کاشمیری کی شخصیت بے پناہ خوبیوں اور صلاحیتوں سے بھر پور تھی۔ انہوںنے سیاسی زندگی کا آغاز انگریز دور میں اس وقت کیا جب وہ پورے غرور اور تکبر کے ساتھ بر صغیر پا ک و ہند پر مسلط تھا ۔ آغا شورش کاشمیری اسلام کے شیدائی اور محسن کائنات ؐ کے باکمال عاشق تھے۔

(جاری ہے)

انہوںنے امیر شریعت سیّد عطاء اللہ شاہ بخاری سے انداز فکر و عمل اور دینی و سیاسی خطابت کا رنگ حاصل کیا ۔

وہ شاعر مشرق کی دل آویز شخصیت سے بھی بے حد متاثر تھے ۔ انہوںنے جیلوں کی صعوبتیں بھی برداشت کیں مگر جنگ حریت و آزادی ملک کیلئے کسی جھکائو کا مظاہرہ نہ کیا ۔ ان کی جدو جہد کی جھلک ان کی کتاب ’’پس دیوار زنداں‘‘ سے بخوبی مل سکتی ہے۔ انہوںنے 1949ء میں ’’چٹان‘‘ نامی جریدے کا بھی اجراء کیا اور حق گوئی کے پیغام کو عام کرتے رہے۔ انہوںنے ہر دور میں جمہوریت کیلئے بے شمار قربانیاں دیں۔ سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو شہید شورش کاشمیری سے اصولی اختلاف کے باوجودان کو اپنا بڑا بھائی کہتے تھے۔ یہاں تک کہ ذوالفقار علی بھٹو نے انہیں گورنر پنجاب بنانے کی بھی پیشکش کی لیکن آغا شورش کاشمیر ی نے برجستہ معذرت کرلی۔ مرحوم 25اکتوبر 1975ء کو اپنے مالک حقیقی سے جا ملے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں