وفاقی وزیر نجکاری محمد میاں سومرو سے چین کے سفیر یائو جنگ کی ملاقات

باہمی دلچسپی کے امور اور سی پیک منصوبے پر پیش رفت سے متعلق تبادلہ خیال کیاگیا

منگل 23 اکتوبر 2018 19:01

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2018ء) وفاقی وزیر نجکاری محمد میاں سومرو سے یہاں چین کے سفیر یائو جنگ نے ملاقات کی اور ان کے ساتھ باہمی دلچسپی کے امور اور پاکستان چین اقتصادی راہداری (سی پیک) منصوبے کی پیش رفت سے متعلق تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر محمد میاں سومرو نے کہا کہ پاکستان اور چین کے عوام اور حکومتوں کے درمیان تاریخی و گہرے دوستانہ تعلقات قائم ہیں اور چینی حکومت اور عوام کے تعاون سے پاکستان ترقی و خوشحالی کی نئی منازل کی جانب گامزن ہے۔

انہوں نے کہا کہ چینی سرمایہ کاروں کی پاکستان کے نجکاری پروگرام میں شرکت اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔ اس موقع پر چینی سفیر نے کہا کہ پاکستان چینی کمپنیوں کو بہترین مواقع پیش کرتا ہے جس کو مدنظر رکھتے ہوئے پا کستان میں پہلے سے موجود ٹیلی کمیونیکیشن، توانائی اور دیگر شعبہ جات میں سرمایہ کاری کرنے والی چینی فرمز یہاں مزید اقتصادی سرگرمیوں کا آغاز کر سکتی ہیں۔

(جاری ہے)

چینی سفیر نے اس موقع پر پاکستان سے چین کو برآمدات کے حوالے سے اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا اور اس امید کا اظہار کیا کہ وزیراعظم پاکستان کا آئندہ دورہ چین دونوں ممالک کیلئے انتہائی مثبت نتائج پیش کرے گا۔ وفاقی وزیر نے بھی چینی سفیر کو موجودہ حکومت کے وژن اور پالیسیوں سے آگاہ کیا اور بتایا کہ ملک کا معاشی نظام کس طرح عام آدمی کیلئے سود مند ثابت ہو سکے گا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں