پاکستان اور لیتھوانیا کے مابین دو طرفہ سیاسی مشاورت کے چھٹے مرحلہ کا انعقاد

فریقین کا دو طرفہ تعلقات میں مجموعی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار ،باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھانے کا عزم

منگل 23 اکتوبر 2018 19:03

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2018ء) پاکستان اور لیتھوانیا کے مابین دو طرفہ سیاسی مشاورت کا چھٹا مرحلہ منگل کو یہاں دفتر خارجہ میں منعقد ہوا۔ فریقین نے دو طرفہ تعلقات میں مجموعی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار اور باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھانے کا عزم کیا۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق مشاورتی اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری(یورپ) ظہیر اے جنجوعہ نے پاکستانی وفد جبکہ لیتھوانیا کی وزارت خارجہ میں ڈائریکٹر برائے افریقہ،ایشیاء و پیسفک ایڈورڈز بوریسوس نے اپنے ملکی وفد کی قیادت کی۔

اجلاس کے دوران دونوں ملکوں نے دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلووںکا جائزہ لیا اور بالخصوص تجارت،سرمایہ کاری،تعلیم،ثقافت،پارلیمانی تبادلوں اور عوام کے مابین رابطوں کے شعبوں میں مزید تعاون کے مواقعوں اور امکانات کی نشاندہی کی۔

(جاری ہے)

ایڈیشنل سیکرٹری نے رواں سال پاکستان عام انتخابات،نئی حکومت کی ترجیحات کے بارے میں بریف کیا اور لیتھواینا کی کمپنیوں کو پاکستان میں توانائی،انفارمیشن اور کمیونیکشن ٹیکنالوجی اور زرعی سیکٹرز میں سرمایہ کی دعوت دی۔

ترجمان کے مطابق دونوں اقوام متحدہ سمیت عالمی سطح پر باہمی تعاون سے متعلق امور پر بحث کی اور اس میں مزید اضافے کی ضرورت پر اتفاق کیا۔لیتھوانیا کے وفد کو جنوبی ایشیائی خطے ،بالخصوص افغانستان،پاک۔بھارت تعلقات اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی تازہ صورتحال سے آگاہ کیا گیا۔لیتھوانیا کے وفد نے بالٹک ریجن اور ہمسایہ ملکوں کیساتھ تعلقات کے حوالے سے بریف کیا۔دو طرفہ سیاسی مشاورت کا اگلا اجلاس اگلے سال لیتھوانیا کے دارلحکومت ویلنوس میں منعقد ہو گا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں