چینی شہرنان چنگ کے ڈپٹی میئر لنگ وی کی میئر شیخ انصر عزیز سے ملاقات

اسلام آباد میں پہلی مرتبہ ایم سی آئی کی شکل میں شہر کی ذمہ داری منتخب نمائندوں کو دی گئی ہے،شیخ انصر عزیز

منگل 23 اکتوبر 2018 19:49

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 اکتوبر2018ء) چین کے شہرنان چنگ کے ڈپٹی میئر لنگ وی کی اسلام آباد کے میئر شیخ انصر عزیز سے ملاقات۔ اس موقع پر چینی ڈپٹی میئر کے ہمراہ وفد کے دیگر ارکان بھی موجود تھے۔ ملاقات میں میٹرو پولیٹین کارپوریشن اسلام آباد(ایم سی آئی) کے ڈائریکٹر سینی ٹیشن ، ڈائریکٹر میونسپل ایڈمنسٹریشن ، ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز ، ڈائریکٹر انوائرنمنٹ اور ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن / ایچ آر بھی موجود تھے۔

اسلام آباد کے میئر شیخ انصر عزیز نے چینی ڈپٹی میئر کو اسلام آباد کے شہریوںکی طرف سے خوش آمدید کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد میں پہلی مرتبہ ایم سی آئی کی شکل میں شہر کی ذمہ داری منتخب نمائندوں کو دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایم سی آئی اسلام آباد کے شہریوں کو سٹیٹ آف دی آرٹ سہولیات بہم پہنچانے کے لیے سر گرم عمل ہے تاہم انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ چین کے شہر نان چنگ کے ڈپٹی میئر کی طرف سے اسلام آباد کے مختلف منصوبوں میں دلچسپی دونوں ممالک کی لازوال دوستی کی عکاس ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے چینی ڈپٹی میئر کو بتایا کہ ایم سی آئی اسلام آباد میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ ،کوڑا کرکٹ سے انرجی کے حصول ،اسلام آباد میں الیکٹرک بسوں کے منصوبے کے علاوہ چیئر لفٹ اور جدید تفریحی پارک جیسے منصوبوں پر کام کر رہی ہے جس میں چین اور پاکستان دونوں مل کر ایک دوسرے کی ٹیکنالوجی سے استفادہ کر سکتے ہیں۔ انہوں نے چینی ڈپٹی میئر کو دعوت دی کہ وہ دونوں میونسپلٹیز کے درمیان افسران پر مشتمل ورکنگ گروپ بنا کر ان منصوبوں پر کام کر سکتے ہیں ۔

میئر اسلام آباد نے کہا کہ ایم سی آئی کے وجود میں آنے کے بعد مختلف ممالک کے میونسپل اداروں کے ساتھ رابطے کو بڑھایا گیا ہے جس کے نتیجے میں مختلف ممالک کے شہروں کو اسلام آباد کے ساتھ ’’جڑواں شہر‘‘ بھی قرار دیا جا چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایم سی آئی کے مختلف منصوبوں کی افادیت اور اہمیت کے پیش نظر چین کے میونسپل ادارے باہم مل کر مشترکہ اور باہمی دلچسپی کے منصوبوں پر کام کریں۔

میئر اسلام آباد نے بتایا کہ ایم سی آئی واٹر سپلائی کے بوسیدہ انفراسٹرکچر کی جگہ جدید انفراسٹرکچر کے منصوبے پر بھی کام کر رہی ہے جبکہ اسلام آباد کی سٹریٹ لائیٹس کو جدید ٹیکنالوجی پر منتقل کرنے کے منصوبے پر مرحلہ وار کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے منصوبوں پر چین کے میونسپل اداروں کی طرف سے بھر پور تکنیکی معاونت ان منصوبوں کے لیے بھی مفید ہے۔

اس موقع پر ڈپٹی میئر لنگ وی نے میئر اسلام آباد کی طرف سے مختلف منصوبوں میں اشتراک اور تعاون کی پیشکش کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ ان منصوبوں کے علاوہ دیگر شعبوں میں بھی بھر پور تعاون کے لیے تیار ہیں تاکہ دونوں ممالک کے متعلقہ شعبوں میںترقی لائی جا سکے۔ ڈپٹی میئر نے میئر اسلام آباد کو چین کے شہر نان چنگ کے دورہ کی دعوت بھی دی۔ ۔ذیشان کمبوہ

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں