جماعت اسلامی کے زیر اہتمام 27اکتوبر کوکشمیر پر بھارتی قبضہ کے خلاف یوم سیاہ پر اسلام آباد میں احتجاجی مارچ کیا جائے گا،سیکرٹری اطلاعات سجاد احمد عباسی

منگل 23 اکتوبر 2018 21:56

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2018ء) جماعت اسلامی اسلام آباد کے سیکرٹری اطلاعات سجاد احمد عباسی نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کے زیر اہتمام 27اکتوبر کوکشمیر پر بھارتی قبضہ کے خلاف یوم سیاہ کے موقع پر اسلام آباد (آبپارہ چوک ) میں احتجاجی مارچ کیا جائے گا جس کی قیادت امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کر یں گے، کشمیر مارچ میں اسلام آباد اور اس کے گردو نواح سے ہزاروں مردوخواتین اور بچے شر یک ہوں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عوام بھارتی جارحانہ عزائم کے خلاف جماعت اسلامی کے کشمیر مارچ میں شر یک ہو کر اہل کشمیر سے بھر پور یکجہتی کا اظہار کر یں۔ سجاد احمد عباسی نے کہا کہ کشمیر مارچ کے انعقاد سے عالمی سطح اور حکومت کی توجہ کشمیر کے حل کی موثر پالیسی کی طرف دلوائیں گے، تین لاکھ سے زیادہ کشمیری آزادی کیلئے لڑتے ہوئے شہید ہوچکے ہیں اور آج تک کشمیری عوام پاکستان سے الحاق و آزادی کے لئے مصروف ہیں مگرکشمیر پر اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل نہ ہو سکا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کی خوشحالی و سالمیت کشمیر سے وابستہ ہے ، موجودہ حکومت کشمیر سے متعلق اپنی پالیسی کے بارے میں پارلیمنٹ اور سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں