الیکشن کمیشن کا مبینہ افغان شہریت رکھنے والے ممبر صوبائی اسمبلی احمد علی بارے وزارت داخلہ کی رپورٹ جمع نہ کرانے پر برہمی کا اظہار

کیس کی سماعت 25اکتوبر تک ملتوی

منگل 23 اکتوبر 2018 22:02

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 اکتوبر2018ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے مبینہ افغان شہریت رکھنے والے ممبر صوبائی اسمبلی احمد علی کے بارے میں وزارت داخلہ کی رپورٹ جمع نہ کرانے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کیس کی سماعت 25اکتوبر تک ملتوی کردی ہے،دوران سماعت وزارت داخلہ کے حکام نے رپورٹ جمع کرنے کیلئے مذید دو دن کی مہلت طلب کر لی ۔

(جاری ہے)

منگل کے روز الیکشن کمیشن کے ممبر سندھ عبدالغفار سومرو کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے بلوچستان کے حلقے پی بی 26سے منتخب ہونے والے مبینہ افغان شہری احمد علی کا شناختی کارڈ بلاک ہونے اور الیکشن کمیشن کی جانب سے کامیابی کا نوٹیفیکیشن جاری نہ ہونے کے حوالے سے کیس کی سماعت کی،سماعت کے دوران کامیاب امیدوار احمد علی کے وکیل ربیع بن طارق اور وزارتِ داخلہ حکام الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے سماعت کے موقع پرممبر سندھ عبدالغفار سومرو نے وزارت داخلہ کے حکام سے استفسار کیا کہ آپ ابھی تک رپورٹ نہیں لائے،آپ نے یقین دہانی کرائی تھی جس پر وزارت داخلہ کے حکام نے کہا کہ رپورٹ جمع کرانے کے لئے مذید مہلت دی جائے جس پر ممبر سندھ نے کہاکہ ہم رپورٹ کا انتظار کر رہے ہیں ممبر بلوچستان نے کہاکہ آپ رپورٹ لے آئیں اسی دن دلائل سنیں گے بعدازاں الیکشن کمیشن نے وزارت داخلہ سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت 25اکتوبر تک ملتوی کردی ہے ۔

۔۔۔اعجاز خان

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں