سپریم کورٹ نے ڈاکٹر نازیفہ عثمان کی زمین کی الاٹمنٹ سے متعلق کیس کی سماعت دوہفتوں کیلئے ملتوی کر دی

پیر 12 نومبر 2018 23:42

سپریم کورٹ نے ڈاکٹر نازیفہ عثمان کی زمین کی الاٹمنٹ سے متعلق کیس کی سماعت دوہفتوں کیلئے ملتوی کر دی
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 نومبر2018ء) سپریم کورٹ نے ڈاکٹر نازیفہ عثمان کی زمین کی الاٹمنٹ سے متعلق کیس کی سماعت ایڈیشنل اٹارنی جنرل کی استدعا پردوہفتوں کیلئے ملتوی کر دی ہے۔ پیرکوچیف جسٹس میاں ثاقب نثارکی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔ اس موقع پر جسٹس اعجازالاحسن نے کہاکہ اس خاتون کوانصاف مانگتے ہوئے چار نسلیں گزر گئی ہیں، آخر کب انہیں اپنا حق دیا جائے گا۔

چیف جسٹس نے کہاکہ خاتون نے آزادی کے وقت کلیم داخل کیا لیکن نہ اسے بدلے میں زمین دی گئی اور نہ اپنی اراضی کی معقول قیمت مل سکی، آخر سو روپے یا دو سو روپے فی کنال رقم دینا کہاں کا انصاف ہے، اس سسٹم کو شرم آنی چاہیے، جب سے پاکستان بنا ہے یہ لوگ انصاف مانگتے ہوئے دھکے کھا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

سماعت کے دوران درخواست گزار ڈاکٹر ناذیفہ عثمان نے کہاکہ میرے بزرگوں نے انڈیا سے آکر کلیم کیا تھا، ستر سال ہو گئے مقدمہ لڑتے ہوئے لیکن اراضی اور رقم آج تک نہیں دی گئی، ، جس پر ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل نے عدالت سے کہاکہ اس معاملے کے حل کیلئے مجھے صرف دو ہفتوں کی مہلت دی جائے، میں اس کیس کو ذاتی طور پر دیکھوں گا۔

بعدازاں عدالت نے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل کی استدعا پر مزید سماعت دو ہفتوں کے لیے ملتوی کردی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں