ایوان بالا اجلاس: اراکین کا این ٹی ایس کی ناقص کارکردگی پر تشویش کا اظہار ، حکومت سے نوٹس کا مطالبہ

اراکین نے نیشنل بینک کے صدر کی پوسٹ پر بلوچستان کے سینئر آفیسر کی تعیناتی کو نظر انداز کرنے اور فاٹا میں شمسی ٹیوب ویلز کی نگرانی کیلئے سٹاف کی تعیناتی کا مطالبہ کردیا پی آئی اے میں موجود اے ٹی آر طیاروں کا معاملہ چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی نے متعلقہ کمیٹی کو بھیج دیا این ٹی ایس سسٹم سے ہماری جان چھڑائی جائے،معاملہ بہت سنگین ہے اور اس میں بہت زیادہ بے ضابطگیاں ہیں، مسئلے کو ترجیحی بنیادوں پر دیکھا جائے ، طلبا کی حوصلہ شکنی ہورہی ہے ، ملک میں معاشی صورتحال درست ،ملک سے مختلف سرحدوں کے ذریعے ڈالرز کی سمگلنگ ہوتی ہے اس پر توجہ دی جائے،سینیٹر عتیق شیخ،جہانزیب جمال دینی، اعظم سواتی، نگہت مرزا کا ایوان بالا اجلاس میں عوامی اہمیت کے معاملے پر گفتگو

بدھ 14 نومبر 2018 22:45

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 نومبر2018ء) ایوان بالا میں اراکین نے نیشنل ٹیسٹنگ سروس (این ٹی ایس)کی ناقص کارکردگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔اراکین نے نیشنل بینک کے صدر کی پوسٹ پر بلوچستان کے سینئر آفیسر کی تعیناتی کو نظر انداز کرنے اور فاٹا میں شمسی ٹیوب ویلز کی نگرانی کیلئے سٹاف کی تعیناتی کا مطالبہ کیا ہے ۔

بدھ کے روز سینٹ اجلاس میں عوامی اہمیت پر بات کرتے ہوئے سینٹر جہانیب جمال دینی نے عوامی اہمیت پر بات کرتے ہوئے کہاکہ بلوچستان سے تعلق رکھنے والے نیشنل بینک کے سینئر ترین آفیسر کو بینک کا قائم مقام صدر بنایا جاتا ہے تاہم اس کو مستقل کرنے کے مرحلے میں نظر انداز کیا جاتا ہے انہوں نے کہا کہ این ٹی ایس سسٹم کے خلاف کوئٹہ کے طلباء پریس کلب کے سامنے احتجاج کررہے ہیں این ٹی ایس سسٹم سے ہماری جان چھڑائی جائے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وفاقی وزیرسائنس اینڈ ٹیکنالوجی اعظم سواتی نے کہا کہ این ٹی ایس کا معاملہ بہت سنگین ہے اور اس میں بہت زیادہ بے ضابطگیاں ہیں۔انہوںنے کہاکہ اس حوالے سے صدر مملکت کو بھی تشویش ہے ہم یونیورسٹی کی سطح پر این ٹی ایس کے مسئلے کو حل کرنے کی کوشش کریں گے ، سینیٹر تاج روغانی نے کہاکہ این ٹی ایس کی وجہ سے بچے خودکشیوں پر مجبور ہیں اس مسئلے کو ترجیحی بنیادوں پر دیکھا جائے ۔

سنیٹر نگہت مرزانے کہا کہ این ٹی ایس سے قابل طلباء کی حوصلہ شکنی ہورہی ہے ۔اس مسئلے کو حل کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں ۔انہوںنے کہا کہ پی آئی اے میں موجود اے ٹی آر طیاروں کو خوف کی علامت بنایا گیا ہے اور مسافر اس میں سفر کرنے سے کتراتے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ اس حوالے سے اقدامات کئے جائیں پر چیئرمین سینٹ نے معاملے کو متعلقہ کمیٹی کے حوالے کردیا۔

سینٹر اور نگزیب نے کہاکہ فاٹا میں بجلی نہ ہونے کی وجہ سے شمسی توانائی کے ٹیوب ویل شروع کئے گئے ہیں جس پر حکومت نے بے شمار اخراجات کئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ان منصوبوں کی دیکھ بھال کیلئے کسی کو تعینات نہیں کیا گیا ہے اس حوالے سے اقدامات کئے جائیں ۔ سینیٹر میاں عتیق شیخ نے کہا کہ اس وقت ملک میں معاشی صورتحال درست نہیں ہے اس پر توجہ دی جائے ۔

انہوںنے کہا کہ ملک میں غیر قانونی منی چینجر کی بہتات ہے اور اس کو کنڑول کرنے کیلئے کوئی ادارہ موجود نہیں ہے ۔انہوںنے کہا کہ اس حوالے سے قانون سازی کی ضرورت ہے ملک سے مختلف سرحدوں کے ذریعے ڈالرز کی سمگلنگ ہوتی ہے۔اس طرح مختلف ایئرپورٹس پر روزانہ کی بینادپر کرنسی سمگلنگ ہوتی ہے انہوںنے کہا کہ ملک کے مستقبل کیلئے اقدامات کی ضرورت ہے ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں