وزیراعظم ہائوس میں صرف دو لوگ رکھے ہیں ،200ملازمین کا دیگر اداروں میں تبادلہ کردیا گیا ، افتخار درانی

ٹیلی فون کا خرچ 60 لاکھ سے کم ہوکر 38 لاکھ ہوگیا ، وزیراعظم نے صوفہ تبدیل کیا اس کا خرچ بھی اپنی جیب سے دیا، تحریک انصاف میڈیا کی آزادی پر یقین رکھتی ہے ،100 روزہ پلان سے عام آدمی کی زندگی پر اچھے اثرات مرتب ہوں گے، معاون خصوصی وزیراعظم کی پریس کانفرنس

بدھ 14 نومبر 2018 23:26

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 نومبر2018ء) وزیراعظم کے معاون خصوصی افتخار درانی کا کہنا ہے کہ وزیراعظم ہائوس کے 200 ملازمین کا دیگر اداروں میں تبادلہ کردیا گیا ہے اور صرف دو لوگ وزیراعظم ہائوس میں رکھے ہوئے ہیں،عمران خان نے وزارتِ عظمیٰ کا حلف لینے کے بعد سادگی مہم شروع کرنے کا اعلان کیا تھا اور اس پر عملدرآمد بھی کیا، تحریک انصاف میڈیا کی آزادی پر یقین رکھتی ہے ۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعظم کے معاون خصوصی افتخار درانی کا کہنا تھا کہ عمران خان نے وزارتِ عظمیٰ کا حلف لینے کے بعد سادگی مہم شروع کرنے کا اعلان کیا تھا اور اس پر عملدرآمد بھی کیا، وزیراعظم ہائوس اور سیکرٹریٹ میں جو اقدامات اٹھائے اس حوالے سے آگاہ کرنا چاہتا ہوں۔

(جاری ہے)

افتخار درانی نے کہا کہ پرانے وزیراعظم ہائوس کو یونیورسٹی بنانے کا کہا گیا تھا، موجودہ وزیراعظم ہائوس کے 200 لوگوں کو دیگر اداروں میں شفٹ کردیا گیا ہے جس سے 1 کروڑ 70 لاکھ بچائے گئے، وزیراعظم ہائوس کا عملہ بتدریج کم کیا جائے گا، صرف دو لوگ وزیراعظم ہائوس میں رکھے ہوئے ہیں۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی نے بتایا کہ ٹیلی فون کا خرچ 60 لاکھ سے کم ہوکر 38 لاکھ ہوگیا ہے، وزیراعظم نے صوفہ تبدیل کیا اس کا خرچ بھی اپنی جیب سے دیا، وزیراعظم ہائوس میں جو نجی مہمان آتے ہیں ان کا خرچ بھی عمران خان خود اپنی جیب سے ادا کرتے ہیں، بنی گالہ کی سیکورٹی پر تمام اخراجات ذاتی طور پر برداشت کیے گئے۔ان کا مزید کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان اور تحریک انصاف میڈیا کی آزادی پر یقین رکھتے ہیں اور ہم یہ مانتے ہیں کہ ہماری آواز کو عام عوام تک پہنچانے میں میڈیا کا اہم کردار رہا ہم میڈیا کے مسائل کے تدارک کے لیے کردار ادا کرتے رہیں گے، حکومت نے اشتہارات کی مد میں 3 ارب ادائیگی کا وعدہ کیا ہے، ان اقدامات کا مقصد صرف لوگوں کا اعتماد بحال کرنا تھا،100 روزہ پلان سے عام آدمی کی زندگی پر اچھے اثرات مرتب ہوں گے۔

۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں